محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 17 جولائی تک بالائی و وسطی پنجاب اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پر شدید موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بالائی علاقوں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور کراچی میں 15 سے 17 جولائی کے دوران بارش متوقع ہے جبکہ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں 13 سے 16 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کا ممکنہ سیلاب کا الرٹ
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 13 سے17 جولائی کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
بارشوں کے بعد دریاؤں اور ڈیموں کی صورتحال کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دریائے کابل، سندھ، چناب اور دریائے جہلم میں منگلا کے بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
تربیلا، تونسہ، گڈو بیراج میں ہلکے درجے جبکہ کالا باغ و چشمہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ شدید بارشوں کے پیش نظر تونسہ بیراج میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
دریائے چناب میں مرالہ اور خانکی جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر ہلکے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ دریائے سوات و پنجکوڑہ اور ان کے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 74 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 44 فیصد گنجائش تک بھر چکے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں شدید اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور کراچی میں بارشیں متوقع ہیں (فوٹو: گیٹی امیجز)
شمال مشرقی بلوچستان کے علاقوں جھل مگسی، کچھی، سبی، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور موسیٰ خیل کے نالوں میں بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جنوب مغربی بلوچستان کے علاقوں بشمول خضدار، آواران، لسبیلہ اور قلات میں مقامی فلیش فلڈ کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
پی ڈی ایم اے کا دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر فلڈ الرٹ
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے اور پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق چشمہ بیراج کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 90 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 70 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا کالاباغ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔
کمشنر سرگودھا، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژنز، میانوالی، بھکر، لیہ، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان راجن پور اور رحیم یار کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔