Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیکریوں اور کچن کے لیے سعودی وزارت بلدیات کی نئی شرائط

رائے عامہ جاننے کے لیے وزارت نے سروے پورٹل پر ضوابط جاری کیے ہیں(فوٹو، ایکس )
وزارتِ بلدیات و دیہی امور کی جانب سے مملکت میں بیکریوں اور مٹھائی کی دکانوں کےلیے نئے قواعد و ضوابط  کے حوالے سے مسودہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق جاری کیے گئے ضوابط کا مقصد مذکورہ شعبوں میں صحت و سلامتی کے معیار کو بلند کرتے ہوئے بہتر تجارتی ماحول فروغ دینا ہے۔
قوانین وضوابط کے حوالے سے تیار کیے جانے والے مسودے کو ’استطلاع‘ (رائے شماری سروے) پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کیا گیا ہے تاکہ اس حوالے سے عوامی رائے حاصل کرنے کے بعد اس کے نتائج کو دیکھتے ہوئے حتمی قانون سازی کی جائے۔
وزارت کا مزید کہنا ہے کہ نئی شرائط سے مذکورہ شعبے میں بہتری آئے گی اور سرمایہ کاری کے لیے بہتر مواقع پیدا ہوں گے، علاوہ ازیں فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار بھی بہتر ہو گا۔
رائے شماری کے لیے پیش کیے جانے والے نکات میں بیکریوں اورمٹھائی کی دکانوں کو چار زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں راویتی بیکریاں ( ان میں تندور وغیرہ بھی شامل ہیں)، نیم خود کار بیکریاں، مٹھائی بنانے کے کارخانے اور فروخت کرنے کی دکانیں شامل ہیں۔
شرائط میں جگہ کا بھی تعین کیا گیا ہے جس کے مطابق نیم خود کار بیکری کے لیے کم از کم 150 مربع میٹر، روایتی بیکری یا مٹھائی تیار اور فروخت کرنے والی دکانوں کے لیے کم از کم 16 مربع میٹر کا رقبہ ہونا ضروری ہے۔

 ضوابط کے مطابق تندور اور بیکری کے لیے رقبہ مخصوص کیا گیا ہے(فوٹو،ایکس )

حفظان صحت کے حوالے سے بھی ضوابط جاری کیے گئے ہیں جن کے تحت پکوان کے لیے صاف پینے کے لیے مخصوص پانی کا استعمال کرنا ضروری ہے، مخصوص برتن اور آلات، پکی اور کچی غذاؤں کو رکھنے کے لیے علیحدہ مقام، پورے کچن اور سٹور میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، خوراک کی کیلوریز کا چارٹ، استعمال کیے جانے والے گوشت کی نوعیت کی وضاحت  کے علاوہ پورے کچن کی مسلسل اور اچھی طرح صفائی رکھنا بہت اہم ہے۔
وزارت نے اس حوالے سے متعلقہ افراد سے کہا ہے کہ وہ مذکورہ مسودے کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رائے سے ضرور مطلع کریں تاکہ اس پر عمل کیا جا سکے۔

 

 

شیئر: