لائیو: پاکستان اور بنگہ دیش کا سفارتی و سرکاری پاسپورٹ پر ویزا فری انٹری کا دوطرفہ فیصلہ
اہم نکات
-
لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے اور بابوسر تاحال بند
-
نوجوان اور فری لانسرز سائبر کریمنلز کے نشانے پر، ایڈوائزری جاری
-
ایف بی آر اصلاحات سے ٹیکس نظام کی بہتری خوش آئند: وزیراعظم
-
اسلام آباد میں بہہ جانے والی گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش جاری
پاکستان اور بنگہ دیش کا سفارتی و سرکاری پاسپورٹ والوں کے لیے ویزا فری انٹری
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کی بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری سے ملاقات میں سفارتی و سرکاری پاسپورٹس کو ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں وزارتِ داخلہ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کا وزارت داخلہ آمد پر بنگلہ دیشی ہم منصب نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔
’ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ملکوں نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس کو ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔‘
نور مقدم قتل، ظاہر جعفر کی سزائے موت کے فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر

نور مقدم قتل کیس میں ظاہر جعفر نے سزائے موت کے فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر کر دی ہے۔
آئین کے آرٹیکل 188 کے تحت دائر نظرثانی درخواست میں مجرم نے کہا ہے کہ اُن کے خلاف دیے گئے فیصلے میں غلطیاں ہیں اور عدالت عظمیٰ نے اُن کے ٹرائل کے دوران سامنے آنے والی خامیاں کو بھی نظرانداز کیا۔
ظاہر جعفر کو سنہ 2021 میں اسلام آباد کے پوش سیکٹر میں ایک سابق سفارتکار کی بیٹی نور مقدم کو قتل کرنے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی ہے۔
بلوچستان میں دوہرے قتل کے ملزم سردار شیرباز کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور

بلوچستان کے علاقے سنجیدی ڈیگاری میں خاتون و مرد کے قتل کیس میں گرفتار ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔
کوئٹہ سے اردو نیوز کے نامہ نگار کے مطابق سردار شیرباز ساتکزئی کو دو روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کر کے پولیس نے مزید ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے پولیس کی درخواست پر ملزم کو مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سیریس کرائم انوسٹیگیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔
مانسہرہ میں بچے کی سر کٹی لاش برآمد، ملزم گرفتار

ضلع مانسہرہ کی تحصیل بفہ پکھل کے علاقے اچھڑیاں میں ایک پہاڑی نالے سے 10 برس کے بچے کی سر کٹی نعش ملنے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس پی سٹی ریشم جہانگیر واقعے سے متعلق میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ تھانہ بفہ کی حدود میں کراچی سے آئے مہمان بچے کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
مانسہرہ پولیس کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر بچے کا سر قریبی مکان سے برآمد کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے متاثرہ خاندان سے ان کے گھر جا کر ملاقات کی اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے لواحقین کو یقین دلایا کہ مانسہرہ پولیس ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہر صورت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی پی او مانسہرہ نے متاثرہ خاندان کو آگاہ کیا کہ سفاک قاتل کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور وہ پولیس کی حراست میں ہے۔ پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے دن رات کی انتھک کوششوں سے یہ گرفتاری ممکن بنائی، اور ملزم نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے تاحال بند، ملک بھر میں 245 ہلاکتیں
پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں مون سون کی بارشیں جاری ہیں اور ملک کے شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہِ قراقرم اور تھک بابوسر شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا ہے کہ شاہراہ بابوسر پر پھنسے تمام سیاح ریسکیو کیے جا چکے ہیں۔ ’شاہراہ بابوسر سے ریسکیو کیے گئے سیاح اس وقت چلاس شہر میں ہیں اور شاہراہ قراقرم کو بشام تک بحال کرنے کا کام جاری ہے۔‘
پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث حادثات میں 245 افراد ہلاک اور 600 زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستان واشنگٹن میں دوطرفہ بات چیت میں شریک ہوگا: امریکہ

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ پاکستان واشنگٹن میں ہونے والے دو طرفہ مذاکرات میں شرکت کرے گا۔
تاہم ترجمان نے اس پر بات کرنے سے انکار کیا کہ کیا امریکہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان طویل عرصے سے تنازعے کا باعث بنے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرے گا۔
امریکی ترجمان نے یہ تبصرہ اُس سوال کے جواب میں کیا جس میں پوچھا گیا تھا کہ کیا واشنگٹن انڈیا اور پاکستان کے درمیان براہ راست رابطوں کی کوشش کر رہا ہے۔
’پاکستان یہاں دوطرفہ بات چیت کے لیے موجود ہوگا، اور ہم بھی میزبانی کے لیے اُن کی راہ دیکھ رہے ہیں۔‘ تاہم انہوں نے مذاکرات کے شیڈول یا ایجنڈے سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔
ایف بی آر کی اصلاحات سے ٹیکس نظام کی بہتری خوش آئند: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی اصلاحات سے ٹیکس نظام کی بہتری خوش آئند ہے، عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نظام کی تشکیل کے لیے معینہ مدت میں اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بدھ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہداف کا حصول مثبت ہے مگر مزید محنت کی ضرورت ہے۔
’اصلاحاتی عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور ان کی تجاویز کو شامل کیا جائے۔ ایف بی آر کی اصلاحات کے اطلاق میں کاروباری حضرات، تاجر برادری، اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کو مدِنظر رکھا جائے۔‘
بہہ جانے والی گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش جاری

اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں نالے میں بہہ جانے والی گاڑی اور اس میں سوار باپ بیٹی کی تلاش دوسرے روز بھی جاری ہے۔
افسوسناک واقعہ منگل کی صبح تقریباً سوا آٹھ بجے پیش آیا تھا، جس کے بعد سوسائٹی انتظامیہ اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا تھا۔
ریسکیو راوالپنڈی کے مطابق پیر کے روز دن بھر جاری رہنے والے آپریشن کے باوجود نہ تو متاثرہ افراد اور نہ ہی ان کی گاڑی کا کوئی سراغ مل سکا۔
ریسکیو آپریشن رات 10 بجے تک جاری رہا تھا جس کے بعد اندھیرے کے باعث اسے عارضی طور پر روک دیا گیا۔ بدھ کی صبح روشنی ہوتے ہی دوبارہ تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا۔
نوجوان اور فری لانسرز سائبر کریمنلز کے نشانے پر، ایڈوائزری جاری

ہنی ٹریپ اور جعلی ملازمت سکیموں کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے صارفین کو پرائیویسی سیٹنگز محدود کرنے کے لیے کہا ہے۔
ایڈوائزری میں نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے بتایا کہ نوجوان، طلبہ اور فری لانسرز سائبر کریمنلز کے نشانے پر ہیں۔ اور جعلی فری لانسنگ جابز کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کیا جا رہا ہے۔
’نوجوانوں اور فری لانسرز کو جعلی وٹس ایپ گروپس میں شامل کیا جاتا ہے، شہریوں کو وٹس ایپ پر فحش مواد دکھا کر بلیک میل کیا جاتا ہے۔‘
یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کا دھرنا تیسرے دن بھی جاری

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر ملک بھر سے اسلام آباد آئے یوٹیلٹی سٹورز کے ہزاروں ملازمین کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔
اردو نیوز کے نامہ نگار کے مطابق تیز بارش کے باوجود ملازمین دھرنے کی جگہ پر موجود ہیں اور رات کھلے آسمان تلے گزاری۔
ایکشن کمیٹی کے سید عارف حسین شاہ نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ساتھ کام کرنے والے مزدور اور دیگر ہزاروں ملازمین دھرنے میں شامل ہوں گے۔ ’مطالبات کی منظوری تک واپس نہیں جائیں گے۔‘
