پاکستان نے انڈیا کی امتیازی اور دوغلی پالیسیوں کے خلاف کامیاب سفارتی جنگ لڑی ہے: فیلڈ مارشل عاصم منیر
پاکستان کی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے انڈیا کی امتیازی اور دوغلی پالیسیوں کے خلاف کامیاب سفارتی جنگ لڑی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اتوار کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق دورہ امریکہ کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا اپنے آپ کو ’وشوا گرو‘ کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہے، لیکن عملی طور پر ایسا کچھ بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’انڈیا کی خفیہ ایجنسی را کی ٹرانس نیشنل دہشت گرد سرگرمیوں میں شمولیت عالمی سطح پر شدید تشویش کا باعث ہے۔ اس کی مثالیں کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل، قطر میں آٹھ انڈین نیول افسران کا معاملہ اور کلبھوشن یادو جیسے واقعات ہیں۔‘
فیلڈ مارشل نے انڈیا اور پاکستان کی حالیہ جنگ کے حوالے سے کہا کہ ’حالیہ انڈین جارحیت، جو شرمناک بہانوں کے ساتھ کی گئی، نے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی اور معصوم شہریوں کو شہید کیا۔ اس انڈین جارحیت نے خطے کو ایک خطرناک طور پر بھڑکنے والی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا، جہاں کسی بھی غلطی کی وجہ سے دو طرفہ تصادم بہت بڑی غلطی ہو گی۔‘
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے اس اشتعال انگیزی کا پُرعزم اور بھرپور جواب دیا، اور وسیع تر تنازعہ کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان صدر ٹرمپ کا انتہائی مشکور ہے جن کی سٹریٹجک لیڈشپ کی بدولت نا صرف انڈیا پاکستان جنگ رکی بلکہ دنیا میں جاری بہت سی جنگوں کو روکا گیا ہے۔‘
عاصم منیر نے کہا کہ انڈیا اب بھی خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے پر بضد ہے، لیکن پاکستان واضح کرچکا ہے کہ کسی بھی انڈین جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔