ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں ایک درجہ بہتری
دوسری جانب پاکستان کے وزیرِ خزانہ نے بدھ کے روز کہا کہ مرکزی بینک کے پاس پالیسی ریٹ کو 11 فیصد سے کم کرنے کی مزید گنجائش موجود ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے بدھ کے روز پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو ایک درجہ بہتر کرتے ہوئے ’ Caa2‘ سے بڑھا کر 'Caa1' کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کرنے کی وجہ اسلام آباد کی بہتر ہوتی ہوئی بیرونی مالی پوزیشن بتائی گئی ہے۔
موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ کے لیے ’مستحکم‘ آؤٹ لک بھی جاری کیا۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیرِ خزانہ نے بدھ کے روز کہا کہ مرکزی بینک کے پاس پالیسی ریٹ کو 11 فیصد سے کم کرنے کی مزید گنجائش موجود ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ ’ہمیں امید ہے کہ پالیسی ریٹ میں کمی کی طرف پیش رفت ہوگی۔‘
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے شیڈول کے مطابق، اگلا پالیسی ریٹ کا اعلان 15 ستمبر کو متوقع ہے۔
مرکزی بینک نے 30 جولائی کو اپنی کلیدی شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھی تھی جو تجزیہ کاروں کی توقعات کے خلاف تھا۔
پالیسی ریٹ کے اعلان سے قبل روئٹرز کے ایک سروے میں شامل تمام 15 تجزیہ کاروں نے شرح سود میں کمی کی توقع ظاہر کی تھی۔ ان تجزیہ کاروں میں سے نو نے 50 بیسس پوائنٹس کی کمی، چار نے 100 بیسس پوائنٹس کی بڑی کٹوتی اور دو نے 25 بیسس پوائنٹس کی معمولی کمی کی پیش گوئی کی تھی۔
تاہم، بینک نے شرح سود کو یہ کہتے ہوئے کہ افراطِ زر کے امکانات میں بگاڑ آیا ہے جس کی وجہ توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہے، برقرار رکھا تھا۔