Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا کے سابق کرکٹر مائیکل کلارک کینسر کا شکار، ’اپنی صحت کا خیال رکھیں‘

مائیکل کلارک نے فینز کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا خیال رکھیں اور چیک اپ کراتے رہیں (فوٹو: اے ایف پی)
کینسر سے لڑنے والے آسٹریلیا کے سابق کرکٹر مائیکل کلارک نے مداحوں کو اپنی صحت کی موجودہ صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔
ڈیلی میل کے مطابق مائیکل کلارک کو جِلد کے کینسر کا سامنا ہے اور پچھلے کچھ عرصے کے دوران ان کو کئی سرجریز سے گزرنا پڑا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں جہاں اپنی تصویریں شیئر کیں وہیں کرکٹ کے شائقین کو مشورہ بھی دیا کہ وہ بھی اپنی جِلد کا خیال رکھیں اور اس کی جانچ بھی کروائیں۔
انہوں نے اپنی ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر شیئر کی جس میں وہ کسی دفتر میں بیٹھے نظر آ رہے ہیں اور ان کی ناک پر پلاسٹر لگا ہوا ہے۔
اس کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’ایک اور دن، اور ایک مزید کینسر کو ہٹا دیا گیا۔‘
44 سالہ سابق کرکٹر نے اس پوسٹ میں اپنے سرجن ڈاکٹر بش سولیمین کو بھی ٹیگ کیا اور ساتھ لکھا کہ وہ اپنے شعبے کے بہترین ماہر ہیں۔
انہوں نے کچھ عرصہ پیشتر اعتراف کیا تھا کہ جلد کی کینسر کی وجہ سے وہ اس قدر خوفزدہ ہو گئے تھے کہ انہیں اپنی بیٹی کیلسی لی کے قریب نہیں جانا چاہیے۔ 
انہوں نے 2023 میں ٹیلی گراف سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے مجھے بہت خوفزدہ کیا، میں ایک باپ ہوں، میں کہیں نہیں جانا چاہتا۔
ان کے مطابق ’سب سے اہم چیز یہ ہے کہ اس بات کو یقینی بناؤں کہ میں اپنی سات سالہ بیٹی کی مدد کر رہا ہوں اور میرے خیال میں، میں نے اس کے لیے اچھی مثال قائم کی ہے۔‘

مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ بیماری نے ان کو بہت خوفزہ کر دیا تھا (فوٹو: انسٹاگرام، مائیکل کلارک)

وہ اپنی بیماری کا ذمہ دار کھیلوں کی ان سرگرمیوں کو قرار دیتے ہیں جس میں وہ کئی کئی گھنٹے دھوپ میں گزارتے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’آپ انڈیا میں پورا دن فیلڈنگ کرنے کا اندازہ لگائیں جس میں آٹھ گھنٹے دھوپ میں گزارنا پڑتے۔ زیادہ تر لوگ سبز رنگ کی ٹوپیاں پہن کر دھوپ سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم ان کے کان اور چہرے کھلے ہوتے ہیں جبکہ ٹی شرٹ کی وجہ سے بازو بھی ننگے ہوتے ہیں۔‘
رواں سال کے آغاز میں انہوں نے ایک  تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ گاؤن پہنے ہسپتال میں بیٹھے تھے اور ساتھ لکھا تھا ’سکن کینسر، جائیں چیک کروائیں۔‘
ان کی ایک سرجری مارچ 2022 میں ہوئی تھی جس میں ان کے ماتھے سے کینسر کے اثرات کو ہٹایا گیا تھا۔ ایک بیٹی کے باپ مائیکل کلارک میں سکن کینسر کی تشخیص 2006 میں ہوئی تھی اور تب سے وہ بیماری سے لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے 2018 میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ہر چھ اور 12 ماہ بعد اپنی جلد کا طبی معائنہ کراتے ہیں۔
 

شیئر: