Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیول ڈپلومیسی: انڈین بحریہ کے دو جہازوں نے جدہ پورٹ کا دورہ کیا

سعودی اور انڈین حکام کے ساتھ کمیونٹی کے ارکان نے پرتپاک استقبال کیا۔ (فوٹو: انڈین ایمبیسی)
انڈین بحریہ کے دو جہازوں آئی این ایس تمال اور آئی این ایس سورت نے جدہ پورٹ کا دورہ کیا ہے۔
انڈین سفارتخانے نے جمعرات کو بتایا آئی این ایس تمال ایک ملٹی رول فریگیٹ جبکہ آئی این ایس سورت ایک گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر ہے،  دونوں جہاز27 اور 28 اگست کو جدہ پورٹ پر انڈیا اور سعودی عرب کے درمیان بحری تبادلوں کے ایک حصے کے طور پر لنگر انداز ہوئے۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ بندرگاہ پہنچنے پرسعودی اور انڈین حکام کے ساتھ کمیونٹی کے ارکان نے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
مملکت میں انڈیا کے سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے عرب نیوز کو بتایا’ مجھے تاریخی پورٹ سٹی جدہ میں انڈین بحریہ کے دو جہازوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔ یہ دورہ حالیہ برسوں میں دوطرفہ دفاعی تعلقات میں گہرائی کا ثبوت ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’سٹریٹجک پارٹنرز کے طور پر دونوں ملک فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پر عزم ہیں۔‘
انڈین سفیر نے بتایا’ اس سال اپریل میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے جدہ کے دورے کے دوران دفاعی تعاون کےلیے ایک نئی وزارتی کمیٹی قائم کی گئی تاکہ دفاعی شراکت داری کو  مضبوط اور مستحکم کیا جا سکے۔‘
جدہ بندرگاہ پر قیام کے دوران سرکاری مصروفیات میں مملکت کے مغربی بحری بیڑے، رائل سعودی نیول فورسز کی لیڈرشپ، ڈائریکٹر جنرل سعودی بارڈر گارڈ مکہ ریجن کے ساتھ بات چیت، جدہ میری ٹائم ریسکیو کو آرڈینشن سینٹر میں آپریشنز اور طریقہ کار سے آگاہی اور رائل سعودی نیول فورسز کے ساتھ ایک فٹبال میچ شامل تھا۔
انڈین سفیر نے جعرات کی شام آئی این ایس تمال پر سعودی مہمانوں اور کمیونٹی ارکان کےلیے عشائیے کا اہتمام کیا۔
یاد رہے سعودی عرب اور انڈیا 2021 اور 2023 میں مشترکہ بحری مشقیں کرچکے ہیں۔

 

شیئر: