Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

 وزیراعظم شہباز شریف اعلٰی سطح کے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال نائب گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبد الرحمان بن عبدالعزیز نے کیا ہے۔
استقبال کرنے والوں میں وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور ریاض میں پاکستان سفیر احمد فاروق بھی شامل تھے۔
اس موقعے پر وزیرِاعظم کو 21 توپوں کی سلامی اور سعودی عرب کی افواج کے چاق چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
بعد ازاں وزیرِاعظم شاہی دیوان، قصر یمامہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے جائیں گے۔ قصر یمامہ میں وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا باضابطہ استقبال ہوگا۔
دوطرفہ ملاقات میں پاکستان سعودی عرب تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال نائب گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبد الرحمان بن عبد العزیز نے کیا (فوٹو: پی ایم آفس)

اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف کے طیارے کو سعودی عرب کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی سعودی ایئر فورس کے ایف 15 جہازوں نے اپنے حفاظتی حصار میں لے کر استقبال کیا۔
نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ماحولیات مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ ہیں۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں تعاون کو باضابطہ شکل دی جائے گی جو دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور گہرا کرنے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں جس کی جڑیں مشترکہ مذہبی اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم کا دورہ دونوں رہنماؤں کو اس منفرد شراکت داری کو مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا اور دونوں ممالک عوام کے فائدے کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں گے۔
بدھ کو یہ ملاقات پاکستان سعودی عرب تعلقات کی موجودہ صورت حال اور خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی و سلامتی کے حالات کے تناظر میں غیرمعمولی اہمیت کی حامل قرار دی جا رہی ہے۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو دوحہ میں منعقدہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر بھی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی۔
دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر فلسطین کی صورت حال اور اسلامی دنیا کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔
ریاض میں ہونے والی ملاقات کو اسی تسلسل کی کڑی سمجھا جا رہا ہے جس میں دو طرفہ تعلقات کے عملی پہلوؤں پر مزید پیش رفت کی جائے گی۔
وزیر اعظم کے وفد میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، کئی سینیئر وزرا اور اعلیٰ حکام شامل ہوں گے جو مختلف اجلاسوں اور ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔
ریاض میں قیام کے بعد وزیراعظم سعودی عرب سے برطانیہ روانہ ہوں گے جہاں وہ برطانوی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
برطانیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد شہباز شریف نیویارک جائیں گے جہاں وہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ان کے خطاب میں مسئلہ کشمیر، فلسطین، خطے کی سلامتی، موسمیاتی تبدیلیوں اور معیشت سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کیے جانے کی توقع ہے۔

شیئر: