سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پیر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستانی وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان کے وفد میں شامل وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔
قطر کی جانب سے بلایا گیا عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا مشترکہ سربراہی اجلاس، اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کی کوشش ہے۔ اسرائیل پر اس وقت غزہ میں جنگ اور انسانی بحران ختم کرنے کے لیے بے حد عالمی دباؤ ہے۔
سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز بھی کانفرنس میں سعودی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
ولی عہد کے دوحہ پہنچنے پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ان کا استقبال کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں قطر کے دارالحکومت پہنچنے والے مملکت کے سرکاری وفد میں قطر میں سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد، ولی عہد کے سیکریٹری ڈاکٹر بندر بن عبید الرشید اور شاہی پروٹوکول کے نائب سربراہ رکان بن محمد الطبیشی شامل ہیں۔