پاکستان فوج کے سربراہ چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کو دہشت گردوں سے نجات دلائی جائے گی۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے منگل کو جاری کردہ بیان میں بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یہ بات جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کے دوران کہی۔
بیان کے مطابق ’آرمی چیف نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے جہاں کے عوام نہایت باصلاحیت، ثابت قدم اور محب وطن ہیں جو اس صوبے کا اصل سرمایہ ہیں۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاری عوامی فلاح پر مبنی منصوبوں کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ’بلوچستان کی بے پناہ معاشی صلاحیت کو عوام کی بہتری کے لیے بروئے کار لایا جانا چاہیے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سول سوسائٹی خصوصاً نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں ان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’نوجوانوں کی شمولیت پائیدار ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، جو ذاتی مفادات پر مبنی سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کر کے بلوچستان کی طویل المدتی خوشحالی کو یقینی بنا سکتی ہے۔‘

’انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انڈیا کی پشت پناہی سے چلنے والے گروہ ’فتنہ الہندوستان‘ اور ’فتنہ الخوارج‘ عوام دشمن اور ترقی مخالف ایجنڈے کو فروغ دے رہے ہیں جن کا مقصد بے امنی پھیلانا ہے۔‘
’آرمی چیف نے یقین دلایا کہ ان دہشت گردوں کے خلاف تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بلوچستان کو اس خطرے سے نجات دلائی جا سکے۔‘
