Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میٹرو : ایک برس میں مسافروں کی تعداد 120 ملین سے تجاوز کرگئی

میٹروسروس کا باقاعدہ آغاز یکم دسمبر 2024 کو کیا گیا تھا(فوٹو، ایس پی اے)
رائل کمیشن برائے ریاض کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران ’میٹرو ریاض‘ سے سفر کرنے والوں کی تعداد 120 ملین سے تجاوز کرگئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق رائل کمیشن برائے ریاض شہر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض ریلوے کے ذریعے  شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو معیاری ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی جارہی ہے۔
 یکم دسمبر 2024  میں ریاض میٹرو سروس کا باقاعدہ آغاز سے اکتوبر 2025 تک ریلوے کو استعمال کرنے والوں کی تعداد 120 ملین سے بڑھ گئی ہے جو اس منصوبے کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
واضح رہے ریاض شہر میں عوامی ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کےلیے تعمیر ہونے والے عظیم الشان ’ریاض میٹرو‘  منصوبہ چھ ٹریکس پر مشتمل ہے جن کی مجموع لمبائی 176 کلو میٹر ہے ۔ میٹرو پروجیکٹ کے 85 اسٹیشنز ہیں جن میں سے 4 مرکزی ہیں ۔
ریاض میٹرو پروجیکٹ دنیا کے بڑے عوامی نقل و حمل کے منصوبوں میں سے ایک ہے جس کے تحت عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہتر اور محفوظ ترین سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
میٹرو استعمال کرنےوالے ریاض کے شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں کافی سہولت ہوئی کیونکہ ٹریفک ازدحام کے باعث بے حد دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا جب سے میٹرو سروس شروع ہوئی ہے بروقت اپنی منزل پر پہنچ جاتے ہیں۔

مسافرو کا کہنا ہے کہ مثالی سفری سہولت میسر آئی ہے(فوٹو، ایکس)

خیال رہے میٹرو انتظامیہ کی جانب سے عوام کی سہولت کےلیے شہر کے مختلف علاقوں سے بس سروس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ مسافر جو میٹرواسٹیشن سے دور ہوں وہ باسانی شٹل سروس کے ذریعے میٹرو اسٹیشن تک پہنچ جائیں۔

 

 

شیئر: