ریاض شہر کے لیے کرایوں میں کمی، ایجار نیٹ ورک کی نئی سروس
مالک مکان کو رینٹ ایگریمنٹ ختم ہونے سے 90 روز قبل کرایہ دار کو نئے رینٹ سے آگاہ کرنا ہوگا۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں رائج رینٹ ایگریمنٹ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’ایجار‘ کی جانب سے کرایہ میں اضافے یا کمی کی نئی سروس فراہم کردی گئی ہے۔
ایجار نیٹ ورک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مالک کی جانب سے کرایہ میں اضافے کا مطالبہ یا کمی کی اطلاع جاری کرایہ نامے کی مدت ختم ہونے سے 90 دن قبل ایجار پلیٹ فارم کے ذریعے کرنا ضروری ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ایجار نیٹ ورک نے مالک مکان اور کرایہ داروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل سروسز کو اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکانوں یا دکانوں کے کرایے ناموں کو ایجار نیٹ ورک سے رجسٹر کرائیں تاکہ فریقین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔
ایجار انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ مالک مکان اس امر کا پابند ہوگا کہ وہ رینٹ ایگریمنٹ ختم ہونے سے کم از کم 90 روز قبل کرایہ دار کو ڈیجیٹل طریقے سے مطلع کرے کہ آئندہ برس کے لیے ممکنہ کرایہ کیا ہوگا۔
کرایہ دار کا حق ہے کہ وہ اسے تسلیم یا مسترد کردے۔ اضافے کے مطالبے کو رد کرنے کی صورت میں معاہدے کو آئندہ برس کےلیے تجدید نہیں کیا جائے گا۔
کرایے کے حوالے سے نئے مطالبے کو منظور یا مسترد نہ کیے جانے کی ہر دوصورتوں میں بھی معاہدے کی تجدید نہیں ہوگی اور وہ مسترد تصور کیا جائے گا۔
رینٹ ایگریمنٹ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ایجار پر اس وقت صرف ریاض شہر کے لیے کرایوں میں کمی کے آپشن کو فعال کیا گیا ہے تاہم اس آپشن کا اطلاق دیگر شہروں میں تاحال نہیں ہوا۔
خیال رہے سعودی کابینہ نے ریاض شہر میں بڑھتے ہوئے کرایوں کے رجحان کو روکنے کے لیے 5 برس تک کے لیے پابندی عائد کی تھی جس پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔
مذکورہ پابندی کے مطابق کوئی بھی مالک مکان کسی بھی صورت میں مکانوں کے کرایوں میں اضافہ کرنے کا مجاز نہیں ہوگا نہ ہی نئے کرائے دار کو سابقہ کرایہ (آخری کرایہ نامے) سے زیادہ کرایہ پر مکان فراہم کرسکے گا۔
پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ’ایجار‘ نیٹ ورک نے کرایوں میں کمی کے آپشن کو ریاض شہر کے لیے ایکیٹو کردیا ہے جبکہ اس سے قبل یہ سہولت مہیا نہیں تھی۔
