ریاض سیزن میں مختلف ملکوں کے ثقافی زون جو وزیٹرز کو ایک خوبصورت سفر پر لے جاتے ہیں
ہفتہ 25 اکتوبر 2025 21:51
چین کے علاوہ انڈونیشیا کا زون بھی آنے والوں کو متوجہ کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض سیزن کے ایک حصے کے طور پر ’بولیوارڈ ورلڈ‘ میں قائم چائنا زون، یہاں آنے والوں کو چینی ورثے، فنون اور روایات کے ایک خوبصورت سفر پر لے جاتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس کا ڈیزائن روایتی چینی فنِ تعمیر سے لیا گیا ہے۔ اس زون میں ایسے ثقافتی پہلو نمایاں ہیں جن میں تایی چی کے مظاہرے ہیں جو حرکات کے چینی فلسفے کو مجسم کر دیتے ہیں۔
اس زون میں ’چائے چکھنے والا‘ پویلین بھی قائم کیا گیا ہے جس میں چائے بنانے کے روایتی طریقوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ چین کے متنوع ریجنوں کے روایتی لباس اور دستکاری کو بھی نمائش میں رکھا گیا ہے۔
انڈونیشیا کا زون آنے والوں کو متوجہ کرتا ہے کہ وہ انڈونیشا کی ثقافتی زندگی کی رنگا رنگی میں کھو جائیں۔

یہ نیا زون ایک انٹرایکٹیو تجربہ پیش کرتا ہے جس میں ملک کے متنوع ورثے، روایتی فنون اور مستند کھانوں کو لوگوں کے سامنے رکھا جا رہا ہے۔
اس زون میں انڈونیشا کے روایتی مکانوں سے متاثر فنِ تعمیر، دستکاری کے نمونے اور لائیو انٹرٹینمنٹ بھی دیکھنے کو ملتی ہے جس سے مہمانوں کو انڈونیشا کی ثقافت کے گہرے تجربے کا احساس حاصل ہوتا ہے۔
جنوبی کوریا کے زون میں، جو ریاض سیزن میں ایک نئ منزل کے طور پر شامل ہوا ہے، ایسا ثقافتی تجربہ نمائش پر ہے جس میں انسان ڈوب کر رہ جاتا ہے۔اس تجرے سے جنوبی کوریا کی میراث اور تہذیبی روایات کی زرخیزی کاعلم ہوتا ہے۔

ایس پی اے کے مطابق یہ زون ان کوششوں کا حصہ ہے جن کے تحت ثقافتی رنگا رنگی کو فروغ دینا اور مختلف اقوام میں میل جول اور رابطوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
یہاں آنے والے روایتی فنِ تعمیر، فنکارانہ پرفارمینس، مستند کھانوں اور ہاتھ سے بنی اشیا اور ثقافتی جھلک والی پروڈکٹس کے ذریعے جنوبی کوریا کی ثقافت کے کلیدی عناصر کو اچھی طرح دیکھ سکتے ہیں۔
جنوبی کوریا کا یہاں آنا اس سال ’بولیوارڈ ورلڈ‘ کی وسعت کا حصہ ہے جس میں کل 24 زون بنائے گئے ہیں جو دنیا کی مختلف ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔

کویت کے زون میں مستند کویتی شناخت اور ثقافتی میراث کا فخر نمایاں ہے۔ یہ زون زائرین کو اس ڈیزائن سے متاثر کرتا ہے جو کویت کے تاریخی اور جدید سنگِ میل ہیں۔ اس کے اہم پہلوؤں میں کویت ٹاور، لکڑی کے روایتی جہاز اور کویت کے قدیم گھر شامل ہیں۔
یہ زون ایک جامع ثقافتی تجربہ سے گزارتا کرتا ہے جس میں ایسی پرفارمینس ہے جو کویت کی لوک داستان، راویتی کھانوں اور مقامی پروڈکٹس اور دستکاری کے ذریعے کویت کی ثقافتی شناخت کی عکاسی کرتے ہیں۔

’بولیوارڈ ورلڈ‘ بہت جلدی ایک بڑے پُر کشش سیاحتی مقام کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جو مقامی اور عالمی زائرین کو متوجہ کر کے دنیا میں ریاض سیزن کو ایک بڑی سیاحتی منزل کی حیثیت کے طور پر مضبوط بنا رہا ہے۔
جمعے کو جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آلشیخ نے اعلان کیا تھا کہ ریاض سیزن میں دس اکتوبر سے اب تک دس لاکھ سے زیادہ افراد آچکے ہیں۔
