Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن ’ایمازونیا اویکنز‘: بولیوارڈ ورلڈ میں جنگل کا جادو

ایمازون سے متاثر ایسی دنیا ہے جس میں انسان کھو کے رہ جاتا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض سیزن 2025 کے تحت بولیواڈ ورلڈ میں ایک نئی پُرکشش آبی تفریح کا افتتاح ہوا ہے جس کا نام ’ایمازونیا اویکنز‘ ہے اور اس میں مہم جوئی، خیالی دنیا اور حیران کر دینے والے وژوئل ایفیکٹس دیکھنے کو ملیں گے۔
اس نئی آبی دلکشی کی کہانی کے پیچھے استوائی برساتی جنگل کا جادو ہے جو دیکھنے والوں کو ایک انٹرایکٹیو سفر پر لے جاتا ہے جسے انتہائی خوبصورتی سے ڈیزائن کیا گیا ہے اور جو ایمازون سے متاثر ایسی دنیا ہے جس میں انسان کھو کے رہ جاتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سنسنی خیز لطف کا آغاز ایک کشتی سے ہوتا ہے جو تیزی سے پھسلتے کھسکتے قدیم کھنڈرات اور ایک تاریک غار میں سے گزرتی ہے جہاں ڈارمائی آوازیں، روشنیاں اور انٹرایکٹیو اثرات ہیں۔
یہ سفر آگے بڑھتے ہوئے اس لمحے تک جا پہنچتا ہے جہاں دل تیزی سے دھڑکنے لگتا ہے کیونکہ پانی کی ایک بہت بڑی لہر، کشتی کو اچانک 20 میٹر نیچے گرا دیتی ہے۔
ایمازونیا اویکنز‘ کا دورانیہ تقریباً 10 منٹ ہے لیکن یہ مختلف تجربات کا ایک ایسا مسحور کُن امتزاج ہے جو خاندان کے لوگوں اور مہم جوئی کے شوقین دونوں طرح کے افراد کے لیے بہترین تفریح کا سامان لیے ہوئے ہے۔
یہ تفریح ریاض سیزن کے سلسلے میں ’بلیوارڈ ورلڈ‘ کی تازہ ترین پیشکش ہے جو 10 اکتوبر سے شروع ہوئی ہے اور اگلے سال مئی کی دو تاریخ تک جاری رہے گی۔
مملکت کے دیگر حصوں میں پورا سال کئی دیگر فیسٹیول منعقد ہوتے رہے ہیں جن کا مقصد سیاحت میں اضافہ کرنا ہے جو ’سعودی وژن 2030 ‘ کا ایک کلیدی پروگرام ہے۔

 یہ فیملی اور مہم جو افراد کے لیے بہترین تفریح کا سامان لیے ہوئے ہے (فوٹو: ایس پی اے)

چھ اکتوبر کو ’ایمازونیا‘ کے افتتاح سے پہلے کیے جانے والے ایک اعلان میں سعودی عرب کی جنرل اینٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے بتایا تھا کہ ریاض سیزن میں اب تک 135 ممالک سے دو کروڑ سے زیادہ افراد نے شرکت کی ہے۔
ریاض سیزن کے دیگر اہم تفریحی زونز میں ’بولیوارڈ سٹی‘، ’دا کنگڈم اینڈ اے این بی ایرینا‘، ’ڈیونز آف عریبیہ‘ اور ’ریاض زُو‘ شامل ہیں۔

 

شیئر: