گیارہ ہزار سعودی خاندانوں نے یتیم بچوں کو گود لے رکھا ہے
’الوداد‘ نے ’خوبصورت احساس‘ کے عنوان سے مہم شروع کی ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کی فلاحی تنظیم ’الوداد‘ (یتمیموں کی دیکھ بھال کا ادارہ) نے کہا ہے کہ گیارہ ہزار سے زیادہ سعودی خاندانوں نے یتیم بچوں کو گود لیا ہے۔
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی جانب سے ’الوداد‘ یتیم اور بے آسرا بچوں کی دیکھ بھال کے پروگرام کی نگرانی کے لیے واحد مجاز تنظیم ہے۔
’ ورلڈ ایڈوپشن ڈے‘ جو ہر سال نو نومبر کو منایا جاتا ہے، سعودی عرب میں اس دن کی مناسبت سے فلاحی تنظیموں کی جانب سے پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کی مجاز فلاحی تنظیم ’الوداد‘ یتیموں اور بے آسرا بچوں کی کفالت کی ذمہ داری بخوبی ادا کررہی ہے۔
مملکت کے مختلف علاقوں میں تنظیم کے تحت 11 ہزار سعودی خاندانوں نے یتیموں کی کفالت اور گود لینے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے انہیں اپنے گھروں میں رکھا ہے۔
فلاحی تنظیم کی جانب سے ’خوبصورت احساس‘ کے عنوان سے مہم شروع کی ہے جس کا مقصد اس احساس کو اجاگرکرنا ہے جو کسی یتیم و بے آسرا کی کفالت کرتے ہوئے محسوس کرنا ہے۔
اس مہم میں ان خاندانوں کے احساسات کو اجاگر کیا جارہا ہے جب انہوں نے کسی یتیم کوگود لیا اور اس کی پرورش کی ذمہ داری سنبھالی جس سے ان کے گھر بارونق ہو گئے۔
فلاحی تنظیم الوداد کے سی ای او ڈاکٹر ضیف اللہ النعمی کا کہنا تھا ’ ورلڈ آڈپشن ڈے کی مناسبت سے شروع کی جانے والی مہم کا مقصد ان لطیف احساسات کی ترجمانی کرنا ہے جو کسی بے آسرا کو سہارا دینے پر ملتا ہے۔‘
’ تنظیم کی جانب سے معاشرے میں رحم و کفالت کےجذبات کو نمایاں کرتے ہوئے انسانیت کے پہلو کو اجاگرکرنا ہے تاکہ لوگ ان بے آسرا و یتیم بچوں کی کفالت کرتے ہوئے ان کے درد کا درماں بنیں۔‘
ڈاکٹر النعمی نے مزید بتایا’ تنظیم کے قیام سے اب تک 1200 بچوں کو گود لیا ہے۔ یتیم و شیر خوار بچوں کی بہترین دیکھ بھال کے لیے مرکز میں جدید ترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ یہ بچے اس وقت تک مرکز میں رہتے ہیں جب تک کوئی انہیں گود نہیں لے لیتا۔‘
