Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین شریفین میں رضاکارانہ بنیادوں پر ابتدائی طبی خدمات کا نیا فریم ورک

قومی رضاکار اداروں کے تعاون سے معیاری سروسز فراہم کی جائیں گی۔(فوٹو: ایس پی اے)
ادارہ امورحرمین نے سعودی ہلال الاحمر کے تعاون سے مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے تحت  رضاکارانہ بنیادوں پر ابتدائی طبی خدمات کا ایک نیا فریم ورک شروع کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زائرین کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے قومی رضاکار اداروں کے تعاون سے معیاری سروسز فراہم کی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ’ طبی ٹیم میں لائسنس یافتہ ہیلتھ کیئر پریکٹیشنرز اور پروفیشن افراد کو شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد ہلال الاحمر کی ہدایات کے تحت معیاری خدمات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔‘
 ایمبولینس سروس کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری اور مناسب طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
یہ فریم ورک ابتدائی طبی امداد کے رضاکارانہ اقدام کو ایک مربوط نظام کے تحت منظم کرتا ہے، اس میں شریک تنظیموں کو عمومی تقاضے پورے کرنا ہوں گے، جس میں سرکاری منظوری اورمتعلقہ حکام کے ساتھ رجسٹریشن شامل ہے۔

ایمرجنسی والینٹیئرز ایسوسی ایشنز، سعودی ہلال احمر کے تعاون سے طبی عملہ، ڈیوائسز اور ہنگامی سامان فراہم کرنے کی ذمہ دار ہوں گی تاکہ فیلڈ ٹیمیں مکمل طور پر تیار اور فوری ردعمل کے قابل ہو سکیں۔
ادارہ حرمین کی جانب سے رضاکار تنظیموں کو ہدایت کی گئی کہ اگر وہ اس عمل میں تعاون کرنا چاہئیں تو اپنی معلومات سرکاری ای میل پر ارسال کرسکتے ہیں۔

 

شیئر: