’ٹک ٹاک‘ کے فیملی پیئرنگ فیچر میں نئی سہولیات، کم عمر بچوں کی نگرانی اب کیسے ہو گی؟
’ٹک ٹاک‘ میں فیملی پیئرنگ کے نئے ڈیش بورڈ میں سکرین ٹائم کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے (فائل فوٹو: گیٹی)
مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپ ’ٹک ٹاک‘ نے اپنے فیملی پیئرنگ فیچر کو نئے انداز میں متعارف کرایا ہے، جس میں والدین کے لیے نئی معلوماتی سہولیات شامل کی گئی ہیں تاکہ وہ بہتر طور پر جان سکیں کہ ان کے نوعمر بچے اس پلیٹ فارم کو کس طرح استعمال کرتے ہیں۔
’ٹک ٹاک‘ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق اس فیچر میں اساتذہ کے لیے ایک نئی رہنما گائیڈ بھی شامل ہے جس کا مقصد والدین اور اساتذہ کو نوجوانوں کے آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل بہبود کے حوالے سے اضافی وسائل فراہم کرنا ہے۔
فیملی پیئرنگ کے نئے ڈیش بورڈ میں سکرین ٹائم کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ اس کے ذریعے والدین اپنے نوعمر بچوں کے روزانہ پلیٹ فارم استعمال کرنے کے اوسط دورانیے، رات کے اوقات میں ان کی سرگرمیوں اور وقت کے انتظام سے متعلق سیٹنگز دیکھ سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ، ڈیش بورڈ پر فالوورز اور فالو کیے گئے اکاؤنٹس کی تعداد میں تبدیلیوں، منسلک اکاؤنٹس اور بلاک کیے گئے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی دستیاب ہوں گی۔
والدین ان تصدیق شدہ کری ایٹرز کے کنٹنٹ کے نمونے بھی دیکھ سکیں گے جنہیں ان کے بچے فالو کرتے ہیں تاکہ انہیں ان موضوعات اور کمیونٹیز کا بہتر اندازہ ہو سکے جن میں ان کے بچے دلچسپی رکھتے ہیں۔
وہ اپنے بچوں کی عوامی طور پر شیئر کی گئی پوسٹس اور ان پر آنے والے ویوز کی تعداد بھی دیکھ سکیں گے۔ آئندہ چند ماہ میں ڈیش بورڈ کے ذریعے والدین یہ بھی جان سکیں گے کہ ان کے بچے اس پلیٹ فارم پر کن افراد سے پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔
نئے ڈیش بورڈ کی تیاری میں تین بنیادی اصولوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ ان اصولوں میں معلومات کی وضاحت، ان کا درست پس منظر اور نوعمر بچوں کی نجی زندگی کا احترام شامل ہے۔ ان اصولوں کے تحت معلومات اس انداز میں پیش کی جاتی ہیں کہ والدین اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کو بہتر طور پر سمجھ سکیں، جبکہ خاندان کے اندر اعتماد اور بچوں کی نجی زندگی کے احترام کو بھی برقرار رکھا جا سکے۔
معلومات روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ ہوتی ہیں، جس سے والدین وقت کے ساتھ ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لے سکتے ہیں، ڈیش بورڈ کے ذریعے براہِ راست سیٹنگز میں تبدیلی کر سکتے ہیں یا ان معلومات کو گھر میں بچوں کے ساتھ گفتگو شروع کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

فیملی پیئرنگ کی سہولت ویب براؤزرز کے ذریعے بھی دستیاب ہے، جس سے ٹک ٹاک ایپ کے علاوہ بھی ان سیٹنگز کا انتظام کرنا آسان ہو گیا ہے۔
’ٹک ٹاک‘، بوسٹن چلڈرنز ہاسپٹل کی ڈیجیٹل ویلنیس لیب اور ڈاکٹر ڈین رائیڈن برگ کے اشتراک سے والدین کے لیے ایک نیا الرٹ سسٹم بھی تیار کر رہا ہے۔ اس نظام کے تحت والدین کو اطلاع دی جائے گی کہ ممکن ہے ان کے نوعمر بچے نے نقصان دہ کنٹنٹ تلاش کرنے کی کوشش کی ہو۔
اس کے ساتھ ماہرین کی رہنمائی پر مبنی مشورے بھی فراہم کیے جائیں گے، تاکہ والدین ایسی صورتِ حال کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں، اپنے بچے کی خیریت دریافت کر سکیں اور اس کے ساتھ ہمدردانہ اور معاونت پر مبنی گفتگو کا آغاز کر سکیں۔ یہ فیچر فی الحال تیاری کے مراحل میں ہے۔
اس فیچر کے ذریعے والدین کو اس وقت اطلاع دی جائے گی جب ان کا نوعمر بچہ خود کو نقصان پہنچانے سے متعلق مخصوص الفاظ بار بار تلاش کرے گا۔ ہر الرٹ کے ساتھ ماہرین کی رہنمائی پر مبنی مشورے بھی شامل ہوں گے تاکہ والدین اس حساس موضوع پر احتیاط اور سمجھ داری سے بات کر سکیں اور اپنے بچوں کے ساتھ کھل کر، اعتماد اور معاونت پر مبنی گفتگو کر سکیں۔

اس اقدام کو سکولوں تک وسعت دیتے ہوئے، ٹک ٹاک نے اساتذہ کے لیے ایک رہنما گائیڈ بھی متعارف کرائی ہے، جسے اساتذہ اور نوجوانوں کے آن لائن تحفظ کے ماہرین کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔
اس گائیڈ میں ٹک ٹاک پلیٹ فارم کا تعارف، کلاس روم میں استعمال کے لیے تدریسی کنٹنٹ اور عملی مشورے شامل ہیں، جن کی مدد سے اساتذہ طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ آن لائن تحفظ، ڈیجیٹل بہبود اور میڈیا لٹریسی جیسے موضوعات پر گفتگو کر سکتے ہیں۔ آئندہ چند ہفتوں میں کلاس رومز کے لیے مزید تعلیمی وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اقدامات نوجوانوں کے ڈیجیٹل تجربات کو بہتر اور محفوظ بنانے کے لیے عملی سہولیات، تعلیمی وسائل اور ماہرین کے ساتھ شراکت داری میں ٹک ٹاک کی سرمایہ کاری کا حصہ ہیں۔
والدین کو اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں سے باخبر رکھنے اور اساتذہ کو کلاس روم میں استعمال کے لیے مفید کنٹنٹ فراہم کرنے کے ذریعے، ٹک ٹاک آن لائن ماحول میں آگاہی بڑھانے، سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ نوجوانوں اور خاندانوں کے لیے ٹک ٹاک کی حفاظتی سہولیات اور دیگر وسائل کے بارے میں مزید معلومات کے لیے ٹک ٹاک سیفٹی سینٹرملاحظہ کریں۔
