سعودی عرب کے آسمان پر شوال کے پورے چاند کا شاندار نظارہ
جمعرات 2 اپریل 2026 14:20
بٹرفلائی مون کا نام مقامی روایت کی عکاسی کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
گزشتہ شب مملکت کے آسمان پر شوال کا پورا چاند نظر آیا جسے بہار کے موسم میں ہونے والی بارشوں کے باعث نکلنے والی تتلیوں کی وجہ سے بٹرفلائی مون بھی کہا جاتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے ہیڈ ماجد ابو زہرہ نے بتایا کہ پورا چاند تب ہوتا ہے جب وہ زمین سے دیکھنے پر سورج کے بالکل سامنے آ جاتا ہے جس کی وجہ سے اس کا قریبی حصہ مکمل طور پر روشن ہو جاتا ہے۔
چاند تب پورا ہوتا ہے جب سورج، زمین اور چاند کے درمیان 180 ڈگری کا زاویہ ہو جس کے بعد انسانی آنکھ ساری رات پورے چاند کو دیکھ سکتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بٹرفلائی مون کا نام مقامی روایت کی عکاسی کرتا ہے جو فلکیاتی نظام کو قدرت کے رنگوں کے ساتھ جوڑتا ہے۔
اس تعلق کی وجہ سے فلکیات کے شوقین افراد کو موقع ملتا ہے کہ وہ چاند کی حرکت کا مشاہدہ کرتے رہیں اور رات کی خوبصورتی کی تعریف کرتے رہیں۔
