سعودی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ’مملکت میں شوال کا چاند بدھ 18 مارچ 2026 (29 رمضان) کودیکھا جائے۔‘
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سپریم کورٹ نے بیان میں سنت پر عمل کرتے ہوئے تمام مسلمانوں سے چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ’کوئی بھی شخص شوال کا چاند خالی آنکھ سے یا دُوربین کے ذریعے دیکھے۔ چاند نظر آنے پر اس کی اطلاع قریبی عدالت کو دے اور اپنی گواہی ریکارڈ کرائے۔‘
شوال کا چاند رمضان کے مہینے کے اختتام اور عیدالفطر کے آغاز کا اشارہ دے گا۔
سعودی عرب اور بیشتر عرب ممالک میں 18 فروری کو رمضان کا آغاز ہوا، اگر بدھ کو چاند نظر نہیں آیا تو جمعرات 30 رمضان اورعید الفطر جمعہ 20 مارچ کو ہوگی۔
عیدالفطر اسلامی کیلنڈر کے 10 ویں مہینے شوال کے پہلے دن منائی جاتی ہے۔ یہ دن خاندانوں کو اکٹھے ہو کر خوشی منانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
مملکت کے ہر علاقے میں عیدالفطر منانے کے لیے اپنی مخصوص روایات ہیں، تاہم ان سب میں جو چیز مشترک ہے وہ ہے دعا، خیرات، مہمان نوازی، اچھا کھانا، عمدہ لباس، سجاوٹ اور رشتہ داروں کے ساتھ وقت گزارنا۔