Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

50 سال بعد انسان کی چاند پر واپسی، آرٹیمس ٹو کے خلا باز قمری سفر پر روانہ

چار خلاباز بدھ کو چاند کے گرد ایک نہایت اہم اور خطرناک مشن پر روانہ ہوئے جو 50 برس سے زیادہ عرصے کے بعد انسانوں کا پہلا قمری سفر ہے۔
یہ ناسا کے دو سال میں انسان کو چاند پر اُتارنے کے منصوبے میں ایک سنسنی خیز شروعات بھی ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تین امریکیوں اور ایک کینیڈین خلابازوں پر مشتمل یہ عملہ ایک 32 منزلہ راکٹ کے ذریعے ناسا کے کینیڈی سپیس سینٹر سے روانہ ہوا جہاں ہزاروں افراد موجود تھے۔
اردگرد کی سڑکیں اور ساحل لوگوں سے کھچا کھچ بھر گئے، جو 1960 اور 1970 کی دہائی کے اپالو کے چاند کے مشنز کی یاد تازہ کر رہے تھے۔
یہ ناسا کی جانب سے چاند پر مستقل موجودگی قائم کرنے کی سمت اب تک کا سب سے بڑا قدم ہے۔
آرٹیمس ٹو فلوریڈا کے اسی مقام سے روانہ ہوا جہاں سے ماضی میں اپالو کے خلا باز چاند کی طرف گئے تھے۔ چند پرانے خلا باز جو اب بھی زندہ ہیں، اس نئی نسل کے عظیم سفر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سراہ رہے تھے۔
اس مشن کے کمانڈر ریڈ وائز مین نے ’چاند پر چلو‘ کہہ کر اس مشن کی قیادت کی۔ پائلٹ وکٹر گلوور، کرسٹینا کوچ اور کینیڈا کے جیریمی ہینسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔
یہ چاند پر جانے والا اب تک کا سب سے متنوع عملہ تھا جس میں ایک خاتون، سیاہ فام اور ایک غیر امریکی شہری (کینیڈین) شامل ہیں جو ناسا کے نئے اوریون کیپسول میں سوار تھے۔

یہ چاند پر جانے والا اب تک کا سب سے متنوع عملہ تھا جس میں ایک خاتون، سیاہ فام اور ایک غیر امریکی شہری شامل ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

انہوں نے اپنے ہاتھوں سے دل کی شکل بنائی، اپنے خاندانوں کو الوداع کہا اور خلائی گاڑی میں بیٹھ کر روانگی کے مقام کی طرف گئے جہاں ان کا خلائی جہاز تیار کھڑا تھا۔
پائلٹ وکٹر گلوور نے کہا کہ ’ہم آپ سے محبت کرتے ہیں۔‘
یہ خلا باز اپنے 10 روزہ آزمائشی سفر کے پہلے 25 گھنٹے زمین کے قریب رہیں گے اور زمین کے گرد چکر لگاتے ہوئے کیپسول کی جانچ کریں گے۔
’آرٹیمس ٹو‘ میں ’ناسا‘ نے چاند کے گرد مدار میں جانے کے بجائے اسے خطرناک سمجھتے ہوئے صرف اورین کیپسول کے نظام کی جانچ کا فیصلہ کیا ہے۔
دنیا کے پہلے چاند کے مسافروں نے ’اپولو ایٹ‘ کے ذریعے چاند کے گرد چکر لگایا تھا، جبکہ ’آرٹیمس ٹو‘ کا عملہ زیادہ محفوظ طریقہ اختیار کرے گا اور چاند کے گرد گھوم کر واپس آ جائے گا۔
’ناسا‘ ہدف اپریل کے پہلے ہفتے کے دوران لانچ کا ہے۔ ’آرٹیمس‘ کا نام یونانی دیومالائی کہانیوں میں اپولو کی جڑواں بہن کے نام پر رکھا گیا ہے۔

 

شیئر: