Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دو جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ تباہ کن ہو سکتی ہے: خواجہ آصف کا انڈین وزیر دفاع کو جواب

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی دھمکی آمیز بیان بازی کوئی نئی بات نہیں بلکہ ایک طے شدہ طرز عمل کا حصہ ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے انڈین وزیر دفاع کے بیان کے جواب میں کہا ہے کہ انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ دو جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ کی گنجائش کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا اور اس کے نتائج نہایت تباہ کن ہو سکتے ہیں۔
خواجہ آصف نے جمعرات کو ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ انڈیا کو چاہیے کہ وہ اپنی سٹریٹجک اور سفارتی سطح پر بڑھتی ہوئی بے چینی کا سامنا کرے۔
’حالیہ بیانات طاقت کے اظہار کے بجائے واضح سٹریٹجک بے چینی کو ظاہر کرتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب پہلگام میں مبینہ جعلی کارروائی (فالس فلیگ آپریشن) کا ایک برس پورا ہونے والا ہے، ایک ایسا واقعہ جو بین الاقوامی جانچ پڑتال پر پورا نہ اتر سکا اور نئی دہلی کے من گھڑت بحرانوں پر انحصار کو بے نقاب کر گیا۔‘
خیال رہے کہ انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو ہی انڈیا میں ایک ایونٹ سے خطاب کے دوران پاکستان کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اگر سرضد پر کسی ’مس ایڈونچر‘ کی کوشش کی تو انڈیا ایسا جواب دے گا جو ’فیصلہ کن ہو گا اور اس کی کوئی نظیر نہیں ہو گی۔‘
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انہوں نے دعویٰ کیا کہ سنہ 2025 کی جنگ کے دوران انڈین فورسز نے آپریشن سندور کے ذریعے ’پاکستان کو 22 منٹ میں گھٹنوں کے بل گرا دیا تھا۔‘
دوسری جانب خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ اس نوعیت کی دھمکی آمیز بیان بازی کوئی نئی بات نہیں بلکہ ایک طے شدہ طرز عمل کا حصہ ہے، جس کے تحت اندرونی کمزوریوں کو بیرونی رخ دیا جاتا ہے اور بے بنیاد الزامات کی آڑ میں سیاسی مفادات کے لیے کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

 

شیئر: