Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ واپس انڈیا کا حصہ بن سکتا ہے: انڈین وزیردفاع

انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ سندھ کا خطہ آج انڈیا کا حصہ نہیں ہے، لیکن سرحدیں بدل سکتی ہیں اور یہ خطہ واپس انڈیا کا حصہ بن سکتا ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا سندھی ہندو، خاص طور پر ایل کے ایڈوانی جیسے رہنماؤں کی نسل، نے کبھی سندھ کے انڈیا سے الگ ہونے کو قبول نہیں کیا۔
انہوں نے کہا، ’میں یہ بھی ذکر کرنا چاہوں گا کہ لال کرشن ایڈوانی نے اپنی ایک کتاب میں لکھا ہے کہ سندھی ہندو، خاص طور پر ان کی نسل کے لوگ، آج تک سندھ کی انڈیا سے علیحدگی کو قبول نہیں کر سکے۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’صرف سندھ ہی نہیں، بلکہ پورے انڈیا میں ہندو دریائے سندھ کو مقدس سمجھتے ہیں۔ سندھ کے بہت سے مسلمان بھی یہ مانتے تھے کہ دریائے سندھ کا پانی مقدس ہے۔ یہ ایڈوانی جی کا قول ہے۔‘
انڈین وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’آج اگرچہ سندھ کی سرزمین انڈیا کا حصہ نہیں ہے، لیکن تہذیبی طور پر سندھ ہمیشہ انڈیا کا حصہ رہے گا۔ جہاں تک زمین کا تعلق ہے، سرحدیں بدل سکتی ہیں۔ کون جانتا ہے، کل کو سندھ دوبارہ انڈیا میں لوٹ آئے۔ ہمارے سندھ کے لوگ، جو دریائے سندھ کو مقدس مانتے ہیں، ہمیشہ ہمارے اپنے رہیں گے۔ چاہے وہ کہیں بھی ہوں، وہ ہمیشہ ہمارے ہی رہیں گے۔‘
خیال رہے راج ناتھ سنگھ نے اس طرح کا دعویٰ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے حوالے سے بھی کیا تھا۔
22 ستمبر کو مراکش میں انڈین کمیونٹی کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ وہ پُراعتماد ہیں کہ انڈیا بغیر کسی جارحانہ اقدام کے ہی پاکستان کے زیرِ کشمیر کو واپس حاصل کر لے گا ۔
سنگھ نے کہا، ’پاکستان کے زیرانتظام کشمیر خود ہی ہمارا ہو جائے گا۔ وہاں مطالبات شروع ہو چکے ہیں، آپ نے نعرے بازی ضرور سنی ہو گی۔‘
راج ناتھ سنگھ نے مذکورہ بیان پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بنیادی ضروریات اور سہولیات کے لیے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے بینر تلے تحریک کے دوران دی تھی۔  

شیئر: