Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عثمان طارق کے ایکشن پر تنازع: مچل کے کریز سے ہٹنے پر اشون کی حمایت، پاکستانی سپنر کا جواب

پاکستان کے آف سپنر عثمان طارق نے روی چندر اشون کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بیٹر بار بار جان بوجھ کر بولر کو ڈسٹرب کرے تو اسے غیر منصفانہ کھیل قرار دیا جا سکتا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیرل مچل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 کے ایک میچ کے دوران عثمان طارق کے رن اپ میں وقفے کے وقت کریز سے پیچھے ہٹ گئے۔
یہ میچ کراچی میں کھیلا گیا، جس کے بعد اس انداز پر بحث شروع ہو گئی۔
اس سے قبل روی چندر اشون نے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے دوران کہا تھا کہ اگر بولر کا رن اپ پاز مستقل نہ ہو تو بیٹر کو قوانین کے مطابق ہٹنے کا حق حاصل ہے۔
اشون نے سوشل میڈیا پر مچل کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب یہ امپائرز اور میچ ریفریز پر منحصر ہے کہ وہ بولر کے وقفے کو مانیٹر کریں۔ اگر یہ مستقل نہیں تو بیٹر ہٹ سکتا ہے۔‘
اس کے جواب میں عثمان طارق نے قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بیٹر مسلسل ایسا کرے تاکہ وقت ضائع ہو یا بولر کی توجہ متاثر ہو، تو امپائر اسے وارننگ دے سکتا ہے اور دوبارہ کرنے پر فیلڈنگ ٹیم کو پانچ پینلٹی رنز دیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں مزید لکھا ہے کہ ’پانچ پینلٹی رنز ملیں تو خوشی ہوگی، کیپ اٹ اپ۔‘
واضح رہے کہ عثمان طارق کا بولنگ ایکشن خصوصاً رن اپ پاز حالیہ عرصے کے دوران خاصی بحث کا باعث بنا ہے اورآئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے دوران بھی اس پر مختلف آرا سامنے آئی تھیں۔

شیئر: