Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے مسٹری سپنر عثمان طارق نے کون سا منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا؟

26 مارچ 2025 سے اب تک کھیلے گئے 25 ٹی20 مقابلوں میں عثمان طارق نے 54 وکٹیں حاصل کیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اپنے منفرد بولنگ ایکشن کے لیے مشہور پاکستان کے سپنر عثمان طارق نے اپنے آخری 25 ٹی20 میچز میں ہر میچ میں کم سے کم ایک وکٹ ضرور حاصل کی ہے۔
26 مارچ 2025 سے اب تک کھیلے گئے 25 ٹی20 مقابلوں میں عثمان طارق نے 54 وکٹیں حاصل کیں اور 6.8 کے شاندار اکانومی ریٹ سے 675 رنز دیے۔
سپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی کی جانب سے شیئر کیے جانے والے اعدادوشمار کے مطابق عثمان طارق نے اپنے ابتدائی چھ میچز میں 16 وکٹیں حاصل کیں، جو آئی سی سی کے کسی بھی فل ممبر ملک کے بولر کی جانب سے مشترکہ طور پر سب سے زیادہ ہیں۔
سری لنکا کے اجنتھا مینڈس نے بھی میں اپنے پہلے چھ ٹی20 انٹرنیشنلز میں 16 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
ایسوسی ایٹ ٹیموں میں کُک آئی لینڈز کے آسکر ٹیلر 17 وکٹوں کے ساتھ اپنے پہلے چھ ٹی20 انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کے سپین سنسیشن عثمان طارق نے نمیبیا کے خلاف گروپ میچ میں بدھ کو 16 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔
عثمان طارق نے چھ ٹی20 انٹرنینشل میچوں میں 5.72 کی شاندار اکانومی ریٹ کے ساتھ 16 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
 عثمان طارق پر ایک وقت ایسا بھی تھا جب انہوں نے کرکٹ کے خواب پیچھے چھوڑ کر دبئی میں سیلز مین کی ملازمت شروع کر دی تھی مگر بالی وُڈ فلم ’ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ سٹوری‘ نے ان کی زندگی کا رُخ بدل دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا کے ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی زندگی پر مبنی اس فلم نے عثمان طارق کو یہ یقین دلایا کہ خواب پورا کرنے کے لیے کبھی بھی دیر نہیں ہوتی۔
28 سال کے سپنر نے ملازمت ترک کی، دبئی چھوڑا اور دنیا بھر میں کھیل کر خود کو ’مسٹری سپنر‘ کے طور پر منوایا۔

 

شیئر: