آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے فخر زمان اور صائم ایوب انجری کے باعث باہر
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ فخر زمان اور صائم ایوب آسٹریلیا کے خلاف اگلی سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔
بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دونوں کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، جس کا آغاز 30 مئی سے ہو رہا ہے۔
بورڈ کے مطابق فخر زمان اور صائم ایوب اس وقت انجریز سے صحت یاب ہونے کے مرحلے میں ہیں اور انہیں پی سی بی کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں ری ہیبلیٹیشن پروگرام جاری رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اسی وجہ سے دونوں کھلاڑیوں کو ون ڈے سیریز کے لیے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔
پی سی بی نے دونوں کرکٹرز کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ جلد دوبارہ میدان میں واپس آئیں گے۔
پی سی بی کے مطابق سکواڈ اور دیگر کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق مزید معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سیریز کے دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچز 2 اور 4 جون کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے، جبکہ تمام میچز مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہوں گے۔
یہ سیریز آسٹریلیا کی 2022 کے بعد پاکستان میں پہلی 50 اوورز کی دو طرفہ سیریز ہو گی۔ 2022 میں کھیلی گئی سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا کو دو،ایک سے شکست دی تھی۔
اس سے قبل رواں سال جنوری اور فروری میں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں پاکستان نے ٹی 20 سیریز میں تین صفر سے کلین سویپ کیا تھا۔