Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش نے پاکستان کو مسلسل دوسری بار ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا

پاکستان کی پوری ٹیم 359 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ میچ پاکستان کو شکست دیتے ہوئے سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔
سلہٹ میں ہونے والے میچ کے آخری روز بدھ کو بنگلہ دیش کو جیت کے لیے تین وکٹیں درکار تھیں جبکہ پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے 121 رنز کی ضرورت تھی۔
پاکستان کی پوری ٹیم 359 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کو 78 رنز سے ہرانے میں کامیاب رہی۔
بدھ کو جب پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 316 سے اننگز کا آغاز کیا تو محمد رضوان اور ساجد خان بیٹنگ کر رہے تھے اور امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ پاکستان کی جیت کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
تاہم ایسا نہ ہو سکا اور 358 کے مجموعی سکور پر ساجد خان تیج الاسلام کو کیچ تھما بیٹھے اور 28 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ اس کے فوراً بعد ہی محمد رضوان بھی 92 کے رنز پر آؤٹ ہو گئے ان کو شریف الاسلام نے نشانہ بنایا۔
ان کے بعد آنے والے خرم شہزاد کوئی رن نہ بنا پائے اور پاکستان کی آخری تین وکٹیں 358 کے رنز پر گریں۔
بنگلہ دیش کی طرف سے تیج الاسلام نے دوسری اننگ میں چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ناہید رانا نے دو وکٹیں لیں، اسی طرح شوریف الاسلام اور مہدی حسن میزاز نے ایک ایک بلے باز کو واپس بھیجا۔
اس سے قبل ڈھاکہ ٹیسٹ میں بھی بنگلہ دیش نے پہلی بار اپنی سرزمین پر پاکستان کو ہرایا تھا جبکہ سلہٹ ٹیسٹ جیت کر کلین سویپ کیا ہے۔

شیئر: