آسٹریلیا کا پاکستان اور بنگلہ دیش کے لیے سکواڈز کا اعلان، تین اہم نام غائب
آسٹریلیا کا پاکستان اور بنگلہ دیش کے لیے سکواڈز کا اعلان، تین اہم نام غائب
پیر 11 مئی 2026 12:21
آسٹریلیا نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوروں کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔(گیٹی امیجز)
آسٹریلیا نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوروں کے لیے اپنے ون ڈے اور ٹی20 سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے جس میں پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور جوز ہیزل وڈ کے نام شامل نہیں۔
آسٹریلوی ٹیم رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز سے دورے کا آغاز کرے گی۔
کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے انڈر 19 ورلڈ کپ ٹیم کے کپتان اولیور پیک اور آل راؤنڈر لیام سکاٹ کو پہلی مرتبہ سکواڈ میں شامل کیا ہے، جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے نوجوان بیٹر جوئل ڈیوس کو بھی موقع دیا گیا ہے۔
پاکستان کے خلاف سیریز میں رائیلی میریڈتھ اور بلی سٹین لیک کی بھی واپسی ہوئی ہے۔
سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جارج بیلی کا کہنا ہے کہ سینیئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی سے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’نئے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کا حصہ بنتے دیکھنا ہمیشہ دلچسپ ہوتا ہے۔ تجربہ کار اور نئے کھلاڑیوں کا امتزاج ایشیائی کنڈیشنز کے لیے مفید ثابت ہو گا۔‘
مچل مارش پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف تمام وائٹ بال میچز میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
دوسری جانب تجربہ کار آل راؤنڈر گلین میکسویل کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ آئندہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ مہم کی تیاری کے لیے آرام کریں گے، جو اگست میں دوبارہ شروع ہو رہی ہے۔
جارج بیلی نے کہا کہ آئندہ برس ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹیسٹ مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے فاسٹ بولرز کے ورک لوڈ کو متوازن رکھنا ضروری ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے 30 مئی کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔(فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کے ون ڈے سکواڈ میں مچل مارش (کپتان)، ایلکس کیری، نیتھن ایلس، کیمرون گرین، جوش انگلس، میتھیو کوہن مین، مارنس لبوشین، رائیلی میریڈتھ، اولیور پیک، میتھیو رینشا، تنویر سنگھا، لیام اسکاٹ، میٹ شارٹ، بلی اسٹین لیک اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا شیڈول کے مطابق پہلا ون ڈے 30 مئی کو راولپنڈی، دوسرا ون ڈے دو جون کو لاہور جبکہ تیسرا ون ڈے میچ بھی چار جون کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔