رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) نے آئی پی ایل 2026 کا ٹائٹل کسی ایک سپر سٹار کے سہارے نہیں جیتا بلکہ ایک ایسی ٹیم کے طور پر کامیابی حاصل کی جس میں مختلف کھلاڑی مختلف مواقع پر ہیرو بن کر سامنے آئے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس سیزن میں وراٹ کوہلی کی مستقل مزاجی، رجت پاٹیدار کی کپتانی، دیودت پڈیکل کی شاندار کارکردگی، بھونیشور کمار کی مؤثر بولنگ، کرنال پانڈیا کے توازن، ٹم ڈیوڈ کی جارحانہ فنشنگ، رسخ سلام کی اہم وکٹیں اور وینکٹیش آئیر کی فیصلہ کن اننگز نے آر سی بی کو چیمپیئن ٹیم بنایا۔
مزید پڑھیں
آر سی بی نے 16 میچز میں مجموعی طور پر 186 کروڑ 81 لاکھ روپے کی کرکٹنگ ویلیو پیدا کی جبکہ ان کا خالص منافع 83 کروڑ 53 لاکھ روپے رہا۔
رجت پاٹیدار مفید ترین کھلاڑی
ہر چیمپیئن ٹیم میں ایک مرکزی کردار ہوتا ہے اور آر سی بی کے لیے یہ کردار رجت پاٹیدار نے ادا کیا۔
پاٹیدار کی سیزن ویلیو 49 کروڑ 34 لاکھ روپے رہی جبکہ ان کی نیلامی کی قیمت 11 کروڑ روپے تھی، یوں انہوں نے ٹیم کو 38 کروڑ 34 لاکھ روپے کا منافع دیا جو سکواڈ میں سب سے زیادہ تھا۔
تاہم آر سی بی کی کامیابی صرف ایک کھلاڑی تک محدود نہیں رہی۔
دیودت پڈیکل نے دو کروڑ روپے کی قیمت کے مقابلے میں 19 کروڑ 43 لاکھ روپے کی کارکردگی دکھائی اور 17 کروڑ 43 لاکھ روپے کا منافع دیا۔ کرنال پانڈیا نے 10 کروڑ 15 لاکھ، بھونیشور کمار نے آٹھ کروڑ چھ لاکھ اور ٹم ڈیوڈ نے سات کروڑ 76 لاکھ روپے کا منافع حاصل کیا۔

وراٹ کوہلی اپنی 21 کروڑ روپے کی بھاری قیمت کے باوجود پانچ کروڑ 24 لاکھ روپے کے مثبت منافع کے ساتھ سیزن میں کامیاب رہے۔
متوازن ترین ٹیم
آر سی بی کے 11 کھلاڑی ایسے تھے جنہوں نے اپنی قیمت سے زیادہ کارکردگی دکھائی جبکہ صرف چھ کھلاڑی خسارے میں رہے۔
منافع والے کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 97 کروڑ 76 لاکھ روپے کا اضافی فائدہ پہنچایا جبکہ نقصان صرف 14 کروڑ 23 لاکھ روپے تک محدود رہا۔
جیتیش شرما، جوش ہیزل ووڈ، جیکب بیتھل، سویاش شرما اور روماریو شیفرڈ اپنی قیمت کے اعتبار سے منافع بخش ثابت نہ ہو سکے، تاہم ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے اس خلا کو بخوبی پُر کر دیا۔
امپیکٹ سکور
امپیکٹ سکور کے لحاظ سے رجت پاٹیدار 2335.09 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہے۔
وراٹ کوہلی 1842.06 اور بھونیشور کمار 1503.04 پوائنٹس کے ساتھ ان کے بعد نمایاں رہے۔
دیودت پڈیکل، کرنال پانڈیا، ٹم ڈیوڈ، رسخ سلام، وینکٹیش آئیر، فل سالٹ، جیتیش شرما اور جوش ہیزل ووڈ نے بھی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹیم کے تین اہم ترین کھلاڑیوں نے مجموعی امپیکٹ کا 45 فیصد فراہم کیا جبکہ پانچ کھلاڑیوں کا حصہ 64 فیصد سے زیادہ رہا۔
آر سی بی کے سیزن کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ ہر میچ میں کامیابی کا بوجھ ایک ہی کھلاڑی پر نہیں تھا۔
سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف دیودت پڈیکل نمایاں رہے، چنئی سپر کنگز کے خلاف ٹم ڈیوڈ نے میچ جتوایا، راجستھان رائلز کے خلاف رجت پاٹیدار سب سے مؤثر کھلاڑی رہے جبکہ ممبئی انڈینز اور دہلی کیپیٹلز کے خلاف فل سالٹ نے اہم کردار ادا کیا۔
لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف رسخ سلام، گجرات ٹائٹنز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف وراٹ کوہلی، دہلی کے خلاف جوش ہیزل ووڈ اور مختلف مواقع پر بھونیشور کمار اور وینکٹیش آئیر ٹیم کے ہیرو بن کر ابھرے۔
یوں آر سی بی کے لیے 16 میچز میں نو مختلف کھلاڑیوں نے نمایاں کردار ادا کیا، جو کسی بھی چیمپیئن ٹیم کی سب سے بڑی طاقت سمجھی جاتی ہے۔
بیٹنگ میں رفتار
آر سی بی نے پورے سیزن میں 3057 رنز بنائے جو لیگ میں تیسری بڑی مجموعی تعداد تھی۔
ان کا رن ریٹ 10.48 رہا جبکہ فی وکٹ اوسط 36.39 تھی جو ٹورنامنٹ کی دوسری بہترین اوسط شمار کی گئی۔
بولنگ
ماضی میں آر سی بی کی شناخت ایک مضبوط بیٹنگ ٹیم کے طور پر رہی ہے، لیکن آئی پی ایل 2026 میں ان کی بولنگ بھی غیر معمولی رہی۔












