وراٹ کوہلی کی شاندار بیٹنگ، رائل چیلنجرز بنگلورو مسلسل دوسری بار آئی پی ایل چیمپیئن
انڈیا کے سٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلورو کو گجرات ٹائٹنز کے خلاف پانچ وکٹوں سے فتح دلائی، جس کے ساتھ بنگلورو نے اتوار کو اپنے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ٹائٹل کا کامیاب دفاع کر لیا۔
گزشتہ سال 17 سیزن کے طویل انتظار کے بعد پہلی بار آئی پی ایل ٹرافی جیتنے والی رائل چیلنجرز بنگلورو نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 156 رنز کا ہدف صرف 18 اوورز میں حاصل کر لیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گجرات ٹائٹنز بنگلورو کی عمدہ بولنگ کے سامنے ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ ٹیم نے پاور پلے میں اپنے دونوں ان فارم اوپنرز گنوا دیے اور نریندر مودی سٹیڈیم میں صرف 155 رنز بنا سکی، جہاں دفاعی چیمپئن بنگلورو کی حمایت میں سرخ رنگ نمایاں تھا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلورو نے پراعتماد انداز اپنایا اور کسی خاص دباؤ کے بغیر کامیابی حاصل کر لی۔ وراٹ کوہلی اور وینکٹیش ائیر نے جارحانہ آغاز فراہم کیا، جس کی بدولت ٹیم نے پاور پلے میں 70 رنز بنا لیے۔
’چیز ماسٹر‘ کے لقب سے مشہور وراٹ کوہلی نے 42 گیندوں پر ناقابل شکست 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے آئی پی ایل کی تیز ترین نصف سنچری بھی مکمل کی، اور ان کے آئی پی ایل کیریئر میں نصف سنچریوں کی تعداد 68 جبکہ سنچریوں کی تعداد 9 ہو گئی۔
گجرات ٹائٹنز کے نمایاں بلے باز شبمن گل اور سائی سدرشن جلد آؤٹ ہو گئے، جس کے باعث ٹیم پاور پلے میں 45 رنز پر دو وکٹیں گنوا بیٹھی۔ اگرچہ واشنگٹن سندر نے 37 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز بنائے، لیکن انہیں دوسرے بلے بازوں کا خاطر خواہ ساتھ نہ مل سکا اور ٹیم کی اننگز رفتار حاصل نہ کر سکی۔
بنگلورو کے بولرز نے نہایت منظم اور اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ کسی بھی بولر نے فی اوور 10 سے زیادہ رنز نہیں دیے۔ رسخ دار سلام نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ بھونیشور کمار اور جوش ہیزل ووڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
