Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کے کپتان الیکٹرانک سگریٹ پیتے ہوئے پکڑے گئے، سزا اور جُرمانہ

راجستھان رائلز کے کپتان ریان پراگ پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک میچ کے دوران ڈریسنگ روم میں ویپنگ (الیکٹرانک سگریٹ پینے) پر سزا سنائی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ’ریان پراگ پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا اور ساتھ ہی انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا گیا ہے۔‘
آئی پی ایل کی انتظامیہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’24 برس کے ریان پراگ منگل کو پنجاب کنگز کے خلاف میچ کے دوران ڈریسنگ روم میں ویپنگ کرتے ہوئے پائے گئے۔‘ 
اس میچ میں راجستھان رائلز نے پنجاب کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
لیگ کی انتظامیہ کے مطابق ’راجستھان رائلز کے کپتان نے ’ضابطہ اخلاق کی اُس شق کی خلاف ورزی کی ہے جو کھیل کو بدنام کرنے سے متعلق ہے۔‘
اسی حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ ’ریان پراگ نے میچ ریفری امیت شرما کے عائد کردہ الزام اور جرمانے دونوں کو تسلیم کر لیا ہے۔‘
واضح رہے کہ انڈیا میں ای سگریٹ کی فروخت، پیداوار، درآمد اور تشہیر سمیت ویپنگ کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ ’انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) آئی پی ایل کی ساکھ کو بچانے کے لیے کھلاڑی اور ٹیم آفیشلز کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔‘

شیئر: