Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’افغانستان انڈیا کی میزبانی انڈیا میں کرے گا؟‘ ٹی20 سیریز نے شائقین کو الجھن میں ڈال دیا

افغانستان اور انڈیا کے درمیان ٹی20 سیریز دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں متوقع ہیں۔(فوٹو: اے ایف پی)
کرکٹ میں عموماً میزبان ٹیم اپنے ملک میں میچز کا انعقاد کرتی ہے اور مہمان ٹیم اس کے ہاں کھیلنے جاتی ہے، تاہم رواں سال ستمبر میں افغانستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والی ٹی20 سیریز نے شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا ہے کیونکہ افغانستان انڈیا کی میزبانی خود انڈیا میں کرے گا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان اور انڈیا کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز ستمبر میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کے میچز 13، 16 اور 19 ستمبر کو دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں متوقع ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس خبر کے سامنے آنے کے بعد کئی صارفین نے حیرت کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’افغانستان انڈیا کی میزبانی انڈیا میں کرے گا؟ کیا جغرافیہ کو نظرانداز کر دیا گیا ہے؟‘
یہ پہلا موقع ہوگا جب افغانستان باضابطہ طور پر انڈیا کے خلاف میزبان ٹیم کی حیثیت سے سیریز کھیلے گا۔

انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک عہدیدار کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ اور بی سی سی آئی کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور دونوں بورڈز کے درمیان اس سیریز کے انعقاد پر اتفاق ہو چکا ہے۔ باضابطہ اعلان چند انتظامی معاملات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

افغانستان انڈیا میں ہوم سیریز کیوں کھیلتا ہے؟

افغانستان کرکٹ بورڈ کئی برسوں سے اپنے بین الاقوامی ہوم میچز انڈیا، متحدہ عرب امارات اور دیگر غیرجانبدار مقامات پر کھیلتا آ رہا ہے۔
اس کی بنیادی وجہ افغانستان کی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال ہے۔ 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد کسی بڑی بین الاقوامی ٹیم نے افغانستان کا دورہ نہیں کیا اور بیشتر ممالک افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے غیرجانبدار مقامات کو ترجیح دیتے ہیں۔
طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے کھیلوں پر پابندی کے باعث بھی بعض کرکٹ بورڈز نے افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اسی وجہ سے افغانستان کو عالمی کرکٹ میں اکثر ’کرکٹنگ نومیڈز‘ یعنی خانہ بدوش کرکٹرز کہا جاتا ہے کیونکہ وہ اپنے ہوم میچز مختلف ممالک میں کھیلنے پر مجبور ہیں۔

 ارون جیٹلی سٹیڈیم افغانستان کا ہوم گراؤنڈ کیسے بنا؟

افغانستان نے ماضی میں بھی انڈیا کے مختلف شہروں کو اپنے ہوم وینیو کے طور پر استعمال کیا ہے جن میں گریٹر نوئیڈا، دہرادون اور لکھنؤ شامل ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے افغانستان کرکٹ بورڈ اور دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے درمیان رابطوں میں کردار ادا کیا جس کے بعد دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم کو اس سیریز کے لیے افغانستان کا ہوم گراؤنڈ مقرر کیا گیا۔
اس طرح انڈیا اپنی سرزمین پر رہتے ہوئے ایک ’اوے سیریز‘ کھیلے گا۔

 افغانستان کی یادگار فتوحات

مشکلات کے باوجود افغانستان نے عالمی کرکٹ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ راشد خان، محمد نبی اور مجیب الرحمان جیسے کھلاڑی دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔
افغانستان نے 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی، جبکہ 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور پاکستان کے خلاف بھی یادگار فتوحات حاصل کیں۔
ان کامیابیوں نے افغانستان کو عالمی کرکٹ کی ایک ابھرتی ہوئی قوت کے طور پر منوایا ہے، اگرچہ اسے اب بھی اپنے ہوم میچز اپنے ملک سے باہر کھیلنے پڑتے ہیں۔
 

شیئر: