Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ون ڈے: آسٹریلیا نے پاکستان کو 41 رنز سے ہرا دیا، سیریز 1-1 سے برابر

دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 41 رنز سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔
منگل کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 232 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 44 اوورز میں 190 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کا بیٹنگ آرڈر آسٹریلوی بولرز کے سامنے ناکام ہو گیا اور چھ کھلاڑی ڈبل فِگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین 53 اور کپتان جوش انگلس 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا انتخاب کیا تھا۔

پاکستان کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ اوپنر معاذ صداقت بغیر کوئی رن بنائے نیتھن ایلس کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، جبکہ صاحبزادہ فرحان بھی صرف تین رنز بنا کر میتھیو کوہنیمن کا شکار بنے۔
بابر اعظم سے بڑی اننگز کی امید تھی تاہم وہ بھی ناکام ثابت ہوئے اور صرف 16 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد غازی غوری نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ ایڈم زمپا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد سلمان علی آغا سات اور عبدالصمد دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یوں 58 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
مشکل صورت حال میں شاداب خان اور عرفات منہاس نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی اور ساتویں وکٹ کے لیے 59 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ عرفات منہاس 33 رنز بنا کر نیتھن ایلس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد کپتان شاہین آفریدی 11 اور حارث رؤف صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس چار وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب بولر رہے، جبکہ میتھیو شارٹ نے تین، ایڈم زمپا، میتھیو کوہنیمن اور تنویر سنگھا نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان کی جانب سے غازی غوری 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلیا کی اننگز

آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، الیکس کیری میچ کی پہلی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد میتھیو شارٹ 15 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے۔
ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد جوش انگلس اور مارنس لبوشین نے سکور کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم لبوشین صرف پانچ رنز بنا کر عرفات منہاس کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان جوش انگلس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے شامل تھے، لیکن وہ بھی عرفات منہاس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اس کے بعد کیمرون گرین اور میٹ رینشا نے ٹیم کو سہارا دیا۔ کیمرون گرین نے 53 رنز جبکہ رینشا نے 43 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ اسی دوران اولیور پیک نے بھی 31 رنز بنا کر سکور کو مزید آگے بڑھایا۔
آخری اوورز میں وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ میتھیو کوہنیمن، نیتھن ایلس اور دیگر نچلے آرڈر کے کھلاڑی زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے جبکہ ایڈم زمپا صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین، حارث رؤف، ابرار احمد اور عرفات منہاس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ معاذ صداقت نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ آسٹریلوی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی۔
آسٹریلیا نے بلی سٹینلیک کی جگہ ایڈم زمپا کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں کو شکست دی جبکہ دوسرا میچ آسٹریلی کے نام رہا، اس طرح تین ون ڈے میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، بابر اعظم، عرفات منہاس، سلمان آغا، غازی غوری (وکٹ کیپر)، عبدالصمد، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون الیکس کیری، میتھیو شارٹ، جوش انگلس (وکٹ کیپر اور کپتان)، مارنس لبوشین، کیمرون گرین، میٹ رینشا، اولیور پیک، میتھیو کوہنیمن، نیتھن ایلس، تنویر سنگھا اور ایڈم زمپا پر مشتمل تھی۔

 

شیئر: