Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ: میرینو کے جادوئی گول سے سپین سیمی فائنل میں، اب ٹکراؤ فرانس سے

اب دنیا بھر کی نظریں منگل کو ہونے والے سپین اور فرانس کے سیمی فائنل پر لگی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
 
مائیکل میرینو ایک مرتبہ پھر سپین کے لیے نجات دہندہ بن کر سامنے آئے ہیں۔ کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک انتہائی سنسنی خیز کوارٹر فائنل میں لا روہا (سپین) نے بیلجیم کو 2-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اب منگل کو آرلنگٹن، ٹیکساس میں سپین کا مقابلہ روایتی حریف فرانس سے ہو گا۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فونٹے کا مائیکل میرینو پر بے پناہ اعتماد ایک بار پھر درست ثابت ہوا۔
میرینو جو دائیں پاؤں کے فریکچر کے باعث دو ماہ تک بیساکھیوں کے سہارے رہے اور سال 2026 کا زیادہ تر حصہ میدان سے دور گزارا، اب سپین کی فتوحات کے معمار بن چکے ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے پرتگال کے خلاف راؤنڈ آف 16 میں بھی اضافی وقت میں گول کر کے ٹیم کو فتح دلائی تھی اور جمعے کی شام بیلجیم کے خلاف بھی انہوں نے میدان میں آنے کے محض دو منٹ بعد 88ویں منٹ میں میچ کا فیصلہ کن گول داغ دیا۔
ٹی وی سپین سے بات کرتے ہوئے مائیکل میرینو کا کہنا تھا ’میں بے حد خوش ہوں، مجھے اب بھی یقین نہیں آ رہا۔ لوگ کہتے ہیں کہ اتفاق نام کی کوئی چیز نہیں ہوتی لیکن اگر آپ ذہنی طور پر تیار ہوں تو قسمت آپ کا ساتھ دیتی ہے۔‘
میچ کا احوال اور اتار چڑھاؤ
سپین نے میچ کا جارحانہ آغاز کیا اور 30ویں منٹ میں فابین روئز نے دانی اولمو کی شاٹ پر ملنے والے ریبونڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو نیٹ میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔
تاہم یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور 41ویں منٹ میں بیلجیم کے چارلس ڈی کیٹیلیئر نے ایک شاندار ہیڈر کے ذریعے میچ 1-1 سے برابر کر دیا۔
یہ اس پورے ٹورنامنٹ میں سپین کے خلاف ہونے والا پہلا گول تھا۔
میچ کا فیصلہ کن لمحہ اس وقت آیا جب بیلجیم کے متبادل گول کیپر سینے لیمنز پاؤ کوبارسی کی ایک ہلکی شاٹ کو روکنے میں ناکام رہے اور میرینو نے گیند کو جال کی راہ دکھا دی۔
لیمنز کو 71ویں منٹ میں سٹار گول کیپر تھیبو کورٹووا کے زخمی ہونے کے بعد میدان میں لایا گیا تھا۔
بیلجیم کے کوچ روڈی گارسیا نے شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’آج قسمت ہمارے ساتھ نہیں تھی۔ ہم نے میچ سے قبل وارم اپ کے دوران اپنے کپتان یوری ٹیلیمنز کو کھو دیا، پھر گول کیپر زخمی ہوا اور کیون ڈی بروئن کو بھی تبدیل کرنا پڑا۔ اتنے بڑے دھچکوں کے بعد واپسی آسان نہیں ہوتی۔‘

بیلجیم کے کوچ روڈی گارسیا نے شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’آج قسمت ہمارے ساتھ نہیں تھی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

یورو 2024 کا سیمی فائنل اور فرانس سے بدلے کی آگ
اب دنیا بھر کی نظریں منگل کو ہونے والے سپین اور فرانس کے سیمی فائنل پر لگی ہیں۔
فرانس کی ٹیم مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کی کوشش کرے گی لیکن وہ یورو 2024 کے سیمی فائنل میں سپین کے ہاتھوں اپنی 2-1 سے شکست کا بدلہ لینے کے لیے بھی بے تاب ہو گی۔
سپین کے نوجوان سٹار لامین یامال، جو پیر کو 19 برس کے ہونے جا رہے ہیں، نے فرانس کو براہِ راست چیلنج کرتے ہوئے کہا ’اگر کسی کو ڈرنا چاہیے تو وہ فرانس ہے کیونکہ ہم نے انہیں یورو کپ سے باہر کیا تھا۔ ہم دنیا کی دو بہترین ٹیمیں ہیں، ہم کسی سے نہیں ڈرتے اور ہمارا اگلا ہدف فائنل ہے۔‘
اس فتح کے ساتھ ہی سپین نے اپنے ناقابلِ شکست رہنے کے ریکارڈ کو 36 میچز تک پہنچا دیا ہے، اور اگر وہ فرانس کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ اٹلی کے عالمی ریکارڈ (37 میچز میں ناقابلِ شکست رہنے) کے برابر پہنچ جائیں گے۔

شیئر: