آخری ورلڈ کپ میچ، مستقبل کے بارے میں جلد بازی میں فیصلہ نہیں کروں گا: رونالڈو
پرتگال کے سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے پیر کے روز سپین کے ہاتھوں پرتگال کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد کہا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں کوئی جلد بازی کا فیصلہ نہیں کریں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق41 سالہ پرتگالی سٹار نے پری کوارٹر فائنل میچ سے ایک روز قبل ہی اعلان کیا تھا کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ پرتگال کو اس میچ میں سپین کے ہاتھوں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے بعد مستقبل کے بارے میں سوال پر رونالڈو نے کہا، ’ہاں، یہ میرا آخری ورلڈ کپ تھا، لیکن باقی معاملات پر سوچنے، اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے، کوئی عجلت میں فیصلہ نہ کرنے اور زندگی کو آگے بڑھانے کے لیے میرے پاس وقت ہے۔‘
پرتگال کے کپتان اور فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے رونالڈو نے کہا، ’یہ فٹبال ہے، یہی ایک فٹبالر کی زندگی ہے۔ کبھی آپ جیتتے ہیں، کبھی ہارتے ہیں، اور پھر آگے بڑھنا ہوتا ہے۔‘
مردوں کے بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے رونالڈو نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ کے میدان سے ’صاف ضمیر‘ کے ساتھ رخصت ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، ’سچ یہ ہے کہ قومی ٹیم کے ساتھ میرا سب سے بڑا اعزاز 2016 کی یورپی چیمپئن شپ (یورو) جیتنا تھا، اور میرے لیے یہ ایمانداری سے کہوں تو ورلڈ کپ جیتنے جتنا ہی اہم ہے۔‘
رونالڈو نے مزید کہا کہ ’اسی لیے میں دوبارہ کہتا ہوں کہ میں صاف ضمیر کے ساتھ، اپنی بہترین حالت میں یہاں سے جا رہا ہوں۔ کل ایک نیا دن ہوگا اور زندگی آگے بڑھتی رہے گی۔‘
رونالڈو نے ایک دہائی قبل پرتگال کے ساتھ یورپین چیمپئن شپ جیتی تھی، تاہم وہ کبھی ورلڈ کپ ٹرافی حاصل نہ کر سکے۔ ورلڈ کپ میں ان کی ٹیم کی بہترین کارکردگی 20 سال قبل سیمی فائنل تک پہنچنا تھی۔
