Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ: فرانس کی جیت کا جشن مناتے ہوئے ایک لڑکی ٹرک سے گر کر ہلاک

 فیفا ورلڈ کپ 2026  میں فرانس کی فٹبال ٹیم کی مراکش کے خلاف  کوارٹر فائنل میں فتح کا جشن منانے کے دوران ایک 17 سالہ لڑکی ٹرک سے گر کر ہلاک ہوگئی۔
 ہنگامی امدادی اداروں نے جمعے کو اس  موت کی تصدیق کی ہے۔
امریکہ میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کی 2-0 سے کامیابی کے بعد ملک بھر میں جشن منایا گیا۔ دارالحکومت پیرس کی سڑکوں پر سینکڑوں افراد رقص کرتے رہے جبکہ سکیورٹی کے فرائض انجام دینے کے لیے ہزاروں پولیس اہلکار تعینات تھے۔
ہنگامی امدادی اداروں کے مطابق یہ واقعہ شمالی شہر موبیوژ کے قریب واقع قصبے اولنوا-ایمری  میں پیش آیا جہاں 17 سالہ لڑکی ایک ٹرک پر سوار تھی۔ وہ ٹرک سے گر گئی اور گاڑی کے نیچے آ کر کچلی گئی، جس کے باعث موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔
حکام کے مطابق ٹرک کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ اس حادثے کا عینی شاہد  ایک اور کم عمر لڑکا شدید ذہنی صدمے کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فرانس نے جمعرات کو افریقی چیمپئن مراکش کو شاندار 2-0 سے شکست دے کر اپنی حیثیت کو ورلڈ کپ کی سب سے مضبوط ٹیم کے طور پر ثابت کیا اور مسلسل تیسرے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
کیلیان ایمباپے نے 60ویں منٹ میں ٹورنامنٹ کا اپنا آٹھواں گول کیا، اس کے چھ منٹ بعد عثمان ڈیمبیلے نے برتری کو دوگنا کر کے بوسٹن کے قریب جلیٹ سٹیڈیم میں ایک آسان فتح مکمل کی۔
یہ کامیابی 2018 کے چیمپئنز کو سیمی فائنل میں لے گئی، جہاں وہ اگلے منگل کو ٹیکساس میں سپین یا بیلجیم کا سامنا کریں گے۔

شیئر: