سعودی ٹویوٹا ہِل کلائم چیمپیئن شپ: مامون القبانی دوسرے راؤنڈ کے فاتح قرار
اتوار 19 جولائی 2026 12:20
یہ تمام مقابلے المحمدیہ ہِل ٹریک پر ہوئے (فوٹو: ایس پی اے)
مامون عمرو القبانی نے سعودی ٹویوٹا چیمپیئن شپ ہِل کلائم 2026 کے دوسرے راؤنڈ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے جو سنیچر کو طائف گورنریٹ کے علاقے الشفاء میں المحمدیہ ہِل ٹریک پر کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق القبانی نے اس ٹریک پر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا اور مسلسل دوسری جیت حاصل کر کے چیمپیئن شپ میں اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کر لیا۔
یہ راؤنڈ سعودی آٹو موبائل اینڈ موٹرسائیکل فیڈریشن (ایس اے ایم ایف) کی زیرنگرانی منعقد کیا گیا جس کا انتظام باخشب موٹر سپورٹ نے کیا اور اس میں جمیل موٹر سپورٹ نے شراکت داری کی۔
اس مقابلے میں 46 مرد اور خواتین ڈرائیوروں نے 10 مختلف کیٹیگریز کے ساتھ ساتھ ویمنز کپ میں بھی حصہ لیا۔
یہ تمام مقابلے المحمدیہ ہِل ٹریک پر ہوئے جسے چیمپیئن شپ کے مشکل ترین راستوں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔
ویمنز کپ میں رِیم العبود نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ایناس ابتینی نے دوسری اور یاسمین عماد السعید نے تیسرا نمبر حاصل کیا۔
انتظامی سطح پر 38 مارشلز نے ڈرائیوروں اور گاڑیوں کی آمدورفت کو کنٹرول کرنے، ٹریک کی تیاری پر نظر رکھنے اور حفاظتی اقدامات کو سختی سے لاگو کرنے کے فرائض سرانجام دیے جس کی بدولت یہ مقابلہ انتہائی پُرامن اور پیشہ وارانہ انداز میں مکمل ہوا۔
سعودی ٹویوٹا چیپمپیئن شپ ہِل کلائم 2026 کا تیسرا اور آخری مرحلہ 31 جولائی سے یکم اگست تک المحمدیہ ہِل ٹریک پر ہی کھیلا جائے گا جس کے ساتھ اس چیمپیئن شپ کا باقاعدہ اختتام ہو جائے گا۔
