Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصیم میں ٹویوٹا 2025 چیمپئن شپ ریلی، مقامی اور انٹرنیشنل ریسرز شریک

گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل کی زیر سرپرستی میں’قصیم ٹویوٹا 2025‘ چیمپئن شپ ریلی کا آغاز ہو گیا ہے۔
جمعرات کو افتتاحی تقریب میں سعودی آٹو موبائل اینڈ موٹرسائیکلز فیڈریشن کے صدر شہزادہ خالد بن سلطان بن فیصل بھی موجود تھے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ٹویوٹا چیمپئن شپ کے تحت منعقد ہونے والی ریلی کے انتظامات سعودی آٹوموبائل اینڈ موٹرسائیکلز فیڈریشن نے وزارت سپورٹس و قصیم گورنریٹ اور ریجنل میونسپلٹی کے تعاون سے کیے جبکہ ’جمیل سپورٹس فار آٹوموبائل‘ ایونٹ کا مرکزی شریک ہیں۔
گورنر قصیم نے چیمپئین شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے انٹرنیشنل ایونٹس قصیم ریجن میں منعقد کرنے سے عالمی سطح پر مملکت کی سپورٹس میں نمایاں شمولیت کو یقینی بناتے ہیں۔
ریجن میں موجود قدرتی خوبصورت مقامات یہاں بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لیے مثالی ہیں جس سے نہ صرف کھیل بلکہ معاشی سرگرمیوں میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہوگا جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔
واضح رہے چار روزہ قصیم ٹویوٹا 2025 ریلی کا آغاز بریدہ شہر کے قصیم نیشنل پارک میں ہوا جس میں بڑی تعداد میں مقامی اور انٹرنیشنل ریسرز شریک ہیں۔

اس ریلی کا آغاز بریدہ شہر کے قصیم نیشنل پارک میں ہوا۔ (فوٹو: امارہ القصیم)

ریلی مختلف مراحل پر مشتمل ہے جس کا آغاز رجسٹریشن سے کیا گیا۔ اختتام پر ریلی کے مرکزی فاتح کو چیمپئن شپ ٹرافی دی جائے گی۔
عاجل نیوز کے مطابق عالمی شہرت یافتہ چیمپئن یزید الراجیحی بھی قصیم 2025 ریلی کے دوسرے راؤنڈ میں شریک ہوں گے۔
ریلی کے پہلے راؤنڈ میں 272.8 کلو میٹر کی مسافت مقرر کی گئی ہے۔ دوسرا اور آخری مرحلہ سنیچر کو کیا جائے گا جس کی مسافت 115.8 کلو میٹر ہے جبکہ خصوصی مرحلے کی مسافت 392.3 کلو میٹر ہے۔

شیئر: