کیا چینی کے بجائے گُڑ کا استعمال واقعی وزن کم کرنے میں مفید ثابت ہوتا ہے؟
کیا چینی کے بجائے گُڑ کا استعمال واقعی وزن کم کرنے میں مفید ثابت ہوتا ہے؟
پیر 31 اگست 2026 16:55
گُڑ گنے کے رس یا پام کے درختوں کے رس سے تیار کیا جانے والا روایتی میٹھا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
گُڑ کو عام طور پر سفید چینی کے مقابلے میں صحت مند میٹھا سمجھا جاتا ہے، کیونکہ اس میں کچھ وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ وزن کم کرنے کے لیے سفید چینی کی جگہ گُڑ کا استعمال شروع کر دیتے ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق صرف گُڑ استعمال کرنے سے وزن کم نہیں ہوتا اور وزن میں کمی کا انحصار مجموعی غذا اور کیلوریز کی مقدار پر ہوتا ہے۔
’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق گُڑ گنے کے رس یا پام کے درختوں کے رس سے تیار کیا جانے والا روایتی میٹھا ہے۔ یہ سفید چینی کے مقابلے میں کم پراسیس شدہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے اس میں کچھ قدرتی معدنیات باقی رہ جاتے ہیں۔ غذائی معلومات کے مطابق گُڑ میں آئرن، کیلشیم، میگنیشیم، پوٹاشیم اور فاسفورس سمیت کئی منرلز موجود ہوتے ہیں۔
دوسری جانب سفید چینی گنے کو مختلف مراحل سے گزار کر تیار کی جاتی ہے۔ اس عمل کے دوران زیادہ تر قدرتی معدنیات ختم ہو جاتے ہیں اور آخر میں بنیادی طور پر سکروز پر مشتمل سفید چینی حاصل ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ غذائیت کے لحاظ سے گُڑ کو سفید چینی پر معمولی برتری حاصل ہے۔
تاہم کیلوریز کے معاملے میں دونوں میں زیادہ فرق نہیں۔ 100 گرام گُڑ میں تقریباً تین سو 83 کیلوریز جبکہ اتنی ہی مقدار میں سفید چینی میں تقریباً تین سو 87 کیلوریز ہوتی ہیں۔ اس لیے اگر کوئی شخص گُڑ کو زیادہ مقدار میں استعمال کرے تو اس سے بھی وزن بڑھ سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے جسم میں کیلوریز کا خسارہ پیدا کرنا ضروری ہے، یعنی جسم جتنی توانائی استعمال کرتا ہے، اس سے کم کیلوریز لینا۔ گُڑ اور سفید چینی دونوں ہی اضافی کیلوریز فراہم کرتے ہیں، اس لیے صرف گُڑ استعمال کرنے سے وزن کم ہونے کی توقع درست نہیں۔
گُڑ خون میں شوگر کی سطح پر بھی اثر انداز ہوتا ہے کیونکہ اس میں سکروز اور دیگر قدرتی شکر موجود ہوتی ہے۔
گُڑ کو عام طور پر سفید چینی کے مقابلے میں صحت مند میٹھا سمجھا جاتا ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
اگرچہ اس کا اثر سفید چینی سے کچھ مختلف ہو سکتا ہے، لیکن ذیابیطس یا بلڈ شوگر کے مسائل میں مبتلا افراد کو اس کے استعمال میں احتیاط کرنی چاہیے۔
ماہرین کے مطابق گُڑ سفید چینی کے مقابلے میں بہتر انتخاب ہو سکتا ہے، لیکن اس کا استعمال بھی اعتدال میں ہونا چاہیے۔ میٹھا کھانے کی خواہش پوری کرنے کے لیے تازہ پھل، مناسب مقدار میں کھجور، پھلوں کے ساتھ بغیر چینی والا دہی اور خشک میوہ جات نسبتاً بہتر متبادل ہو سکتے ہیں۔
نتیجہ یہ ہے کہ گُڑ میں کچھ اضافی غذائی اجزا ضرور موجود ہیں، لیکن یہ وزن کم کرنے کا کوئی جادوئی ذریعہ نہیں۔ صحت مند وزن برقرار رکھنے کے لیے متوازن غذا، جسمانی سرگرمی اور مجموعی کیلوریز پر کنٹرول سب سے زیادہ اہم ہے۔