Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزن کم کرنے کے لیے روزانہ 10 ہزار قدم بہتر یا 30 منٹ کارڈیو؟

روزانہ 10 ہزار قدم چلنا ایک آسان اور کم دباؤ والی ورزش ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
وزن میں کمی دنیا بھر میں فٹنس سے وابستہ افراد کا ایک اہم ہدف سمجھا جاتا ہے، تاہم اکثر یہ سوال سامنے آتا ہے کہ چربی گھٹانے کے لیے روزانہ 10 ہزار قدم چلنا زیادہ مؤثر ہے یا 30 منٹ کارڈیو ورزش کرنا۔
ماہرین کے مطابق دونوں طریقے وزن کم کرنے میں مددگار ہیں، لیکن ان کے فوائد مختلف ہیں اور بہترین نتائج کے لیے دونوں کو یکجا کرنا زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ 10 ہزار قدم چلنا ایک آسان، کم دباؤ والی ورزش ہے، جو ہر عمر کے افراد، خصوصاً فٹنس کا آغاز کرنے والوں کے لیے موزوں ہے۔ اس کے برعکس 30 منٹ کی کارڈیو ورزش دل کی دھڑکن تیز کرتی ہے اور کم وقت میں زیادہ شدت سے ورزش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے، تاہم یہ جسم پر نسبتاً زیادہ دباؤ ڈال سکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق روزانہ 10 ہزار قدم چلنے سے اوسطاً تین سو 50 سے پانچ سو کیلوریز تک جل سکتی ہیں، جبکہ 30 منٹ کی کارڈیو ورزش سے تقریباً ایک سو 50 سے دو سو 50 کیلوریز جلتی ہیں۔ اگر تیز رفتاری یا چڑھائی پر چہل قدمی کی جائے تو کیلوریز کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق 10 ہزار قدم چلنے کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے دن بھر جسمانی سرگرمی برقرار رہتی ہے، شدید تھکن یا زیادہ بھوک محسوس نہیں ہوتی اور مجموعی طور پر زیادہ توانائی خرچ ہوتی ہے۔ اس کے برعکس سخت کارڈیو ورزش کے بعد بعض افراد کو زیادہ بھوک لگتی ہے، جس کی وجہ سے وہ غیر ارادی طور پر اتنی ہی یا اس سے زیادہ کیلوریز دوبارہ استعمال کر لیتے ہیں۔
دوسری جانب 30 منٹ کی کارڈیو ورزش دل اور پھیپھڑوں کی صحت بہتر بنانے، جسمانی برداشت بڑھانے اور ’وی او ٹو میکس‘ میں اضافے کے لیے زیادہ مؤثر سمجھی جاتی ہے۔

30 منٹ کی کارڈیو ورزش دل اور پھیپھڑوں کی صحت بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے (فائل فوٹو: پسکابے)

خاص طور پر ہائی انٹینسٹی انٹرول ٹریننگ ورزش کے بعد بھی کئی گھنٹوں تک اضافی کیلوریز جلانے میں مدد دیتی ہے، جسے ’آفٹر برن ایفیکٹ‘ کہا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کا بہترین طریقہ کسی ایک ورزش کا انتخاب نہیں بلکہ دونوں کو متوازن انداز میں اپنانا ہے۔ اس مقصد کے لیے روزانہ سات ہزار سے 10 ہزار قدم چلنے کا ہدف مقرر کیا جائے اور اس کے ساتھ ہفتے میں دو سے تین بار 30 منٹ کی کارڈیو ورزش کی جائے۔ اس معمول کو متوازن اور صحت بخش غذا کے ساتھ اختیار کرنے سے وزن کم کرنے اور مجموعی صحت بہتر بنانے میں زیادہ مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

شیئر: