’پسوڑی‘ یوٹیوب پر ایک ارب ویوز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی میوزک ویڈیو
مقبول گانا ’پسوڑی‘ یوٹیوب پر ایک ارب ویوز حاصل کرنے والی پہلی پاکستان میں بننے والی میوزک ویڈیو بن گیا۔(فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستانی میوزک کی دنیا میں مقبول گانا ’پسوڑی‘ نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، گانا یوٹیوب پر ایک ارب ویوز حاصل کرنے والی پاکستان میں بننے والی پہلی میوزک ویڈیو بن گیا۔
کوک سٹوڈیو نے اتوار کو انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ’پسوڑی‘ کے ایک ارب یوٹیوب ویوز مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
علی سیٹھی اور شے گل کی آواز میں ’پسوڑی‘ کو 7 فروری 2022 کو کوک سٹوڈیو پاکستان کے سیزن 14 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ گانا پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ہوگیا۔
’پسوڑی‘ ریلیز کے بعد پاکستان اور انڈیا سے باہر بھی بے حد مقبول ہوا اور اس کے متعدد کورز سامنے آئے۔
گانے کو ڈزنی کی سیریز ’مس مارول‘ کے ساؤنڈ ٹریک میں بھی شامل کیا گیا، جس میں پاکستانی ثقافت اور پس منظر کو نمایاں کیا گیا تھا۔
’پسوڑی‘ کو کوک سٹوڈیو افریقہ نے بھی نئے انداز میں پیش کیا، جس میں علی سیٹھی نے نائجیریا کے گلوکار ماروان موسا اور ریکاڈو بینکس کے ساتھ مل کر نائجیرین افروبیٹس سے متاثرہ ورژن تیار کیا۔
کوک اسٹوڈیو نے ایک ریل بھی شیئر کی جس میں علی سیٹھی اور شے گل کے ساتھ میوزک پروڈیوسرز ذوالفقار خان المعروف زلفی اور عبداللہ صدیقی موجود تھے، جنہوں نے اس سنگِ میل تک پہنچنے میں مداحوں کے کردار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
’پسوڑی‘ ریلیز کے سال 2022 میں سپاٹیفائی پر سب سے زیادہ سنا جانے والا پاکستانی گانا بھی بنا تھا، جبکہ اب تک یہ علی سیٹھی اور شے گل کا اس پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ سٹریم ہونے والا گانا ہے، جسے تقریباً 40 کروڑ 50 لاکھ بار سنا جا چکا ہے۔
گانے کی غیر معمولی مقبولیت کے بعد بالی ووڈ میں بھی اس کا ورژن بنایا گیا۔
2023 میں فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کے لیے ’پسوڑی نو‘ کے نام سے اس کا انڈین ورژن ریلیز کیا گیا، جسے اریجیت سنگھ نے گایا تھا۔ تاہم اس ورژن پر پاکستانی مداحوں کی جانب سے شدید ردعمل بھی سامنے آیا۔