Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’آوارہ پن 2‘ کا آغاز مصطفیٰ زاہد کی آواز سے، ’وہ عزت اور محبت مِل گئی جس کی خواہش تھی‘

مصطفیٰ زاہد نے فلم ’آوارہ پن 2‘ کا آغاز اپنی آواز میں ہونے پر جذباتی ردِعمل کا اظہار کیا ہے (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
پاکستانی گلوکار و موسیقار مصطفیٰ زاہد نے بالی وڈ فلم ’آواراپن 2‘ کا آغاز اپنی آواز میں ہونے پر جذباتی ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
مصطفیٰ زاہد نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تھیٹر میں ’آواراپن 2‘ کے پوسٹر کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ قریباً دو دہائیاں قبل ’آوارہ پن‘ نے انہیں لاکھوں افراد کے دلوں میں جگہ دی تھی۔
انہوں نے لکھا کہ ’آواراپن 2‘ کو تھیٹر میں دیکھتے ہوئے انہیں محسوس ہوا جیسے وقت تِھم گیا ہو اور فلم کے ابتدائی منٹ میں ان کی زندگی کے 19 سال ان کی آنکھوں کے سامنے گھوم گئے۔
مصطفیٰ زاہد کے مطابق وہ 19 سال سے ان گانوں کو ہر سٹیج، شہر اور ہر کنسرٹ میں اپنے ساتھ لے کر چلتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب سیکوئل کے لیے ان کے گانوں کے حوالے سے رابطہ کیا گیا تو انہیں نئے گلوکاروں کے لیے جگہ بنانے پر کوئی اعتراض نہیں تھا، تاہم وہ اپنے کام کے لیے عزت اور ’آوارہ پن‘ کی میراث میں اپنے حصے کا مناسب کریڈٹ چاہتے تھے۔
مصطفیٰ زاہد نے مزید لکھا کہ ’آج فلم کا آغاز میری آواز سے ہوا، اس کے بعد شائقین نے بھرپور انداز میں خوشی کا اظہار کیا اور اس لمحے مجھے لگا کہ مجھے وہی مل گیا جس کی میں ہمیشہ خواہش کرتا تھا، عزت اور آپ سب کی بے پناہ محبت۔‘
انہوں نے فلم کی ٹیم، عمران ہاشمی، دیشا پٹانی، وشیش اور وشیش فلمز کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’شاید برسوں بعد ہم ’آوارہ پن 3.0‘ کے لیے دوبارہ ملیں گے۔۔۔ آپ رو رہے ہیں، میں نہیں۔‘

اس سے قبل جون میں ’آوارہ پن 2‘ کے لیے ان کے مقبول گانے ’تو پھر آؤ‘ کو نئے انداز میں پیش کیے جانے پر بھی مصطفیٰ زاہد کا ردِعمل سامنے آیا تھا۔
امال ملک کی جانب سے نئے ورژن سے متعلق پوسٹ پر مصطفیٰ زاہد نے جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’بہت ساری محبت امال، یاد رکھنا سرحدیں خطرناک ہیں لیکن محبت بھی۔ ’آوارہ پن‘ کی میراث کو ایک نئی بلندی تک لے جاؤ، اسٹیج اب تمہارا ہے میرے بھائی۔‘

مصطفیٰ زاہد نے 2007 میں ریلیز ہونے والی ’آوارہ پن‘ کے گانے ’تو پھر آؤ‘ اور ’تیرا میرا رشتہ‘ گائے تھے، جو ان کی شناخت کا اہم حصہ بن گئے اور انہیں انڈیا میں بھی نمایاں شہرت ملی۔

بالی وڈ فلم ’آوارہ پن 2‘

’آوارہ پن 2‘ 2007 کی فلم ’آوارہ پن‘ کا سیکوئل ہے۔ پہلی فلم میں عمران ہاشمی نے شیوَم پنڈت کا مرکزی کردار ادا کیا تھا اور وقت کے ساتھ یہ فلم ایک کلٹ فلم بن گئی۔
فلم کی ہدایت کاری نتن ککڑ نے کی ہے جبکہ وشیش بھٹ نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم میں عمران ہاشمی، دیشا پٹانی اور شبانہ اعظمی سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق’آوارہ پن 2‘ 14 اگست 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی اور پہلے ہفتے میں دنیا بھر سے اب تک قریباً 161.67 کروڑ انڈین روپے (یعنی قریباً 469 کروڑ پاکستانی روپے) کما چکی ہے۔ 

شیئر: