Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 جب پاکستانی بینڈ سٹرنگز کا گانا ہالی وڈ فلم ’سپائیڈر مین 2‘ تک پہنچا

پاکستانی بینڈ ’سٹرنگز‘ کے گلوکار بلال مقصود کی 22 سال پرانی کہانی سوشل میڈیا پر ایک بار پھر توجہ حاصل کر رہی ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کا گانا ’نہ جانے کیوں‘ ہالی وڈ فلم ’سپائیڈر مین 2‘ تک کیسے پہنچا۔
بلال مقصود نے بتایا کہ اس وقت ’سٹرنگز‘ کی سونی میوزک کے ساتھ البم ڈیل ہوچکی تھی۔ اسی دوران کولمبیا ٹرائی سٹار نے سونی انڈیا سے رابطہ کیا، جہاں سے ’سٹرنگز‘ کا گانا ’نہ جانے کیوں‘ منتخب کیا گیا اور بعد میں فلم کے ہدایت کار سیم ریمی کی منظوری بھی حاصل کی گئی۔
بلال کے مطابق جس وقت سونی انڈیا کی جانب سے انہیں یہ خبر دی گئی، وہ اور فیصل کپاڈیا نئی دہلی میں تھے اور سڑک کے راستے واپس آرہے تھے۔ چونکہ بینڈ کی فون کالز عموماً فیصل وصول کرتے تھے، اس لیے یہ خبر بھی پہلے انہیں ملی۔
دونوں نے فیصلہ کیا کہ ’یہ بات فی الحال کسی کو نہیں بتانی۔‘ بلال کے مطابق گانے کی ویڈیو شوٹ ہونے کے باوجود بھی انہوں نے ’خبر خفیہ رکھی، کیونکہ سیم ریمی کی حتمی منظوری باقی تھی۔‘
وہ بتاتے ہیں کہ ’جب سیم ریمی کی منظوری ہوگئی تو پھر ہم نے لوگوں کو بتایا کہ ہمارے پاس یہ خبر ہے۔‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ ’نہ جانے کیوں‘ ایک اُداس گانا تھا، جس کے بول ’خواب سب کھو گئے‘ تھے، لیکن ’سپائیڈر مین 2‘ میں شامل ہونے کے بعد یہ بچوں میں بھی مقبول ہوگیا۔ 
بلال کے مطابق والدین انہیں کہتے تھے کہ ’ہمارے بچے کا پسندیدہ گانا یہی ہے۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Junaid Akram (@ganjiswag)

واضح رہے بلال مقصود کی  یہ گفتگو دراصل 2022 میں جنید اکرم کے پوڈکاسٹ میں ہوئی تھی، تاہم اس کا ایک حصہ حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔
اسی 2022 کی گفتگو میں بلال مقصود نے ’سٹرنگز‘ ختم کرنے کی وجہ بھی بیان کی تھی۔ 

انہوں نے بتایا کہ وہ اور فیصل کپاڈیا ہمیشہ اس بات پر گفتگو کرتے تھے کہ بینڈ کو اس مقام تک نہیں پہنچنے دینا جہاں دونوں یہ ماننے سے انکار کردیں کہ ان کا وقت گزر چکا ہے۔

بلال کے مطابق 33 سال کے کیریئر میں انہوں نے کئی فنکاروں کو یہ مرحلہ آتے دیکھا اور اسی لیے دونوں نے فیصلہ کیا کہ وہ ’سٹرنگز‘ کو غلط وجوہات، حتیٰ کہ صرف پیسوں کے لیے بھی، خبروں کی زینت نہیں بننے دیں گے۔
 

شیئر: