Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا‘، اریجیت سنگھ کے پسندیدہ گلوکارعاطف اسلم

انڈین گلوکار اریجیت سنگھ ابوظبی میں ہونے والے ایک کنسرٹ کے دوران پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور شفقت امانت علی کی تعریف کرنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
کنسرٹ کے دوران اریجیت سنگھ نے بالی وڈ فلم ’ریس‘ کا مشہور گانا ’پہلی نظر میں‘گایا، جسے اصل میں پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے اپنی آواز دی تھی۔
پرفارمنس کے دوران اریجیت سنگھ نے حاضرین سے سوال کیا کہ ’کیا انڈیا میں اب بھی پاکستانی گانے چلانے پر پابندی ہے؟‘ انہوں نے کہا کہ وہ خبروں کو زیادہ فالو نہیں کرتے، تاہم اس حوالے سے جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
اریجیت سنگھ نے اس موضوع کو ’حساس‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس تنازع کی پروا نہیں۔ انہوں نے سٹیج پر کہا کہ ’مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، عاطف اسلم میرے پسندیدہ گلوکاروں میں سے ایک ہیں۔‘
بعدازاں انہوں نے پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی کا نام لیتے ہوئے ان کی موسیقی کی بھی تعریف کی، جس پر حاضرین نے بھرپور تالیاں بجائیں۔
کنسرٹ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام، ایکس اور ٹک ٹاک پر وائرل ہو گئیں، جہاں پاکستان اور انڈیا دونوں ممالک کے صارفین نے ارجیت سنگھ کے بیان کو سراہا۔
سوشل میڈیا پر خاص طور پر اریجیت سنگھ کے بے باک انداز کو پسند کیا گیا اور مداحوں نے عاطف اسلم کے لیے ان کی کھل کر تعریف کو سراہا۔
صارفین کی جانب سے کہا گیا کہ ’حقیقی فنکار ہی حقیقی فنکاروں کی عزت کرتے ہیں‘ اور ’موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی‘۔
پاکستانی مداحوں کے لیے یہ لمحہ اس لیے بھی خاص رہا کیونکہ عاطف اسلم اب بھی دنیا بھر میں جنوبی ایشیا کے مقبول ترین گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں، باوجود اس کے کہ انڈین انڈسٹری میں پاکستانی فنکاروں پر طویل عرصے سے پابندیاں موجود ہیں۔
دوسری جانب کئی انڈین مداحوں نے بھی اریجیت سنگھ کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیالات دراصل ان موسیقی پسند افراد کے جذبات کی عکاسی کرتے ہیں جو خاموشی سے پاکستانی فنکاروں کو پسند کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کے بارے میں صارفین کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ تنازع نہیں بلکہ سرحد پار فنکاروں کے درمیان احترام کا جذبہ ہے۔

اریجیت سنگھ اور عاطف اسلم جنوبی ایشیا کے مقبول ترین گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں، جنہوں نے گزشتہ دو دہائیوں میں کئی یادگار رومانوی گانے دیے ہیں۔

شیئر: