Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا، معاوضہ 10فیصد بڑھ گیا

 
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹرز کے لئے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا جس میں کھلاڑیوں کا معاوضہ 10 فیصد بڑھایا گیا ہے۔ بدھ کو اس حوالے سے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے اس مرتبہ 35 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیئے گئے ہیں جو جولائی 2017 سے 30 جون 2018 تک کے لیے ہیں۔نئے کنٹریکٹ میں کرکٹرز کے معاوضے میں 10 فیصد اضافے سے کیٹیگری اے میں شامل کھلاڑیوں کو 6 لاکھ 50 ہزار، بی میں شامل کھلاڑیوں کو 4 لاکھ 50 ہزار، سی کے حامل کرکٹرز کو 2 لاکھ 60 ہزار جبکہ ڈی کیٹیگری والوں کو ایک لاکھ 79 ہزار روپے ماہانہ ملیں گے۔سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل 35 کرکٹرز کو 4 کیٹیگریز میں رکھا گیا ہے جس میں کیٹیگری اے میں 6، بی میں4، سی میں 11 اور ڈی میں 14 کرکٹرز کو رکھا گیا ہے۔نئے کنٹریکٹ میں فاسٹ بولر محمد عامر ترقی پاکر بی سے اے کیٹیگری میں شامل ہوگئے ہیں۔ان کے علاوہ کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، محمد حفیظ، شعیب ملک اور یاسر شاہ کو بھی اے کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔عماد وسیم اور حسن علی بھی سی کیٹیگری سے آگے بڑھ کر اے کیٹیگری میں شامل ہوگئے جب کہ بابر اعظم اور اسد شفیق کو بھی اسی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔فاسٹ بولر وہاب ریاض سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی کا شکار ہوکر بی سے سی کیٹیگری میں چلے گئے ہیں۔جبکہ راحت علی، حارث سہیل، سمیع اسلم، سہیل خان، شان مسعود، فخر زمان، جنید خان، احمد شہزاد اور شاداب خان بھی سی کیٹیگری میں شامل ہیں۔نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں فہیم اشرف اور رومان رئیس کو ڈی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے جبکہ پی سی بی نے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہیں کیا ہے۔
 
 
 
 

شیئر: