لکھنؤ-------جموں و کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں امرناتھ یاتریوںپر ہوئے دہشتگردانہ حملے کے بعد پورے اترپردیش میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور کانوڑ کی مذہبی یاترا کے پیش نظر پولیس کو خصوصی مستعدی برتنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔ ریاست کے ایڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل (قانون اور نظام) آنند کمار کے مطابق اننت ناگ کے واقعہ کے بعد ریاست میں پولیس کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانوڑکی مذہبی یاترا کے پیش نظر میرٹھ سے وارانسی تک پولیس کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایات دی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر پر نگرانی رکھنے کیلئے اہم مقامات پر سیکیورٹی میں اضافہ کرتے ہوئے حساس علاقوں میں پولیس کی گشت بڑھا دی گئی ہے۔ ریلوے اسٹیشنوں اور بس اڈوں کے علاوہ بھیڑبھاڑ والے مقامات پر آنے جانے والوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرینوں میں خصوصی مستعدی برتنے کی ہدایت دی گی ہیں۔