Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کا جشن، ’انڈیا سے جنگ نے جذبہ بڑھایا‘

پاکستان میں آج 78 واں جشن آزادی منایا جا رہا ہے اور اس بار اسے ’معرکہ حق کی عظیم فتح‘ سے منسوب کیا گیا ہے۔
اس دن کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت سمیت دوسرے شہروں میں بھی سرکاری و نجی سطح پر تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق جمعرات کی صبح پاکستان مونومنٹ پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی سمیت وفاقی وزرا، سپریم کورٹ کے ججز اور دیگر اعلیٰ حکام ے شرکت کی۔
 اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے پرچم کشائی کی۔
تقریب سکولوں کے بچوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔
ملک بھر میں جشن آزادی کی مناسبت سے سرکاری و رہائشی عمارتوں، شاہراہوں، سڑکوں اور مختلف مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا جبکہ رات 12 بجتے ہی آتشبازی سے آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا۔
متعدد شہروں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں اور لوگ گھروں سے نکل کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دی گئی ہے۔
انہوں نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں مئی میں انڈیا کے ساتھ ہونے والی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے دشمن کی جانب سے مسلط کی گئی چار روزہ جنگ میں شاندار فتح حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فتح نے نہ صرف ہماری آزادی کے تقدس کو مزید تقویت بخشی ہے بلکہ ہمارے دلوں میں جشن آزادی کو مزید فخر اور جوش کے ساتھ منانے کا جذبہ بڑھایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دی ہے (فوٹو: پی ایم آفس)

ان کے مطابق ’ہماری فوج نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور ہمارے جوانوں کی عسکری صلاحیت اور بہادری نے حریف کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔‘
ان کا بھی کہنا تھا کہ ’یہ محض ایک فوجی فتح نہیں بلکہ دو قومی نظریے کی توثیق کی بھی فتح تھی جو ہمارے پیارے وطن کی بنیاد ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ جذبہ ہمیشہ برقرار رہے گا اور آبی وسائل سمیت دوسرے قومی مفادات کے دفاع کے لیے ہردم تیار ہیں۔
ان کے مطابق ’پاکستان بقائے باہمی کے اصولوں کاربند ہونے کے ساتھ ساتھ علاقائی و عالمی مسائل کو بات چیت اور سفارت کاری سے حل کرنے بھی یقین رکھتا ہے۔‘

مئی میں انڈیا کے ساتھ جنگ کے تناظر میں اس بار جشن آزادی کو ’معرکہ حق کی عظیم فتح‘ سے منسوب کیا گیا ہے (فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا اس سمیت دوسرے تنازعات کو حل کرنے بھی انڈیا کو بھی یہی انداز اپنانے کی ضرورت ہے۔
علاوہ ازیں مسلح افواج کی جانب سے بھی قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دی گئی ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن اتحاد، استقامت اور ایک روشن مستقبل کے لیے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔
بیان میں بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو دہرایا گیا ہے۔

جشن آزادی کے موقع پر بلوچستان میں تقریبات کا اہتمام

جشن آزادی کے موقع پر ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے زیرانتظام بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
کوئٹہ کوئٹہ، چمن، سوئی، لورالائی، پشین، ڈیرہ بگٹی، ہرنائی، نوشکی، قلعہ سیف اللہ، ژوب، سبی، کوہلو اور دیگر نواحی علاقوں میں ہونے والی تقریبات میں شریک افراد نے قومی جھنڈے اٹھا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
اسی طرح مختلف تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات نے ٹیبلوز پیش کیے۔
 

 

شیئر: