Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بی سی سی آئی کا یو ٹرن،ظہیر اور دراوڈکی تعیناتی کی توثیق سے انکار

 
 
ممبئی: ہندوستانی کرکٹ بورڈنے یو ٹرن لیتے ہوئے بولنگ کنسلٹنٹ ظہیر خان اور بیٹنگ کنسلٹنٹ راہول دراوڈ کی تقرریوں کی منظوری دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے ان دونوں سابق کھلاڑیوں کی تعیناتی کی صر ف تجویز پیش کی گئی تھی اور نئے سپورٹنگ اسٹاف کا تقرر نئے ہیڈ کوچ روی شاستری کے مشورے سے ہوگا۔ ہفتے کو سپریم کورٹ کی مقرر کردہ انتظامی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کہا گیا ہے کہ کمیٹی کے چیئر مین نے ایک اور4رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو ہیڈ کوچ روی شاستری سے بات کرکے ان کی مرضی کے کوچنگ اسٹاف کا تقرر کرے گی۔ کمیٹی کا اجلاس 18 جولائی کو ممبئی میں ہوگا۔ یاد رہے کہ سابق فاسٹ بولر ظہیر خان اور سابق کپتان راہول دراوڈ کی تقرری کا اعلا ن 11 جولائی کو ہیڈ کوچ روی شاستری کی تعیناتی کے اعلان کے ساتھ ہوا تھا۔سابق کوچ انل کمبلے اور کپتان ویرات کوہلی کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آنے کے بعد شروع ہو نے والا یہ ڈرامہ ختم ہو نے میں نہیں آرہا۔ پہلے بورڈ نے کسی قسم کے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے انل کمبلے کو دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے بھی کوچ مقرر کیا تھا بعد ازاں کمبلے اچانک اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ نئے کوچ کے حوالے سے نت نئی قیاس آرائیوں کے بعد ٹنڈولکر، گنگولی اور لکشمن پر مشتمل مشاورتی کمیٹی نے کئی امیدواروں کے انٹرویو کے بعد روی شاستری کے نام کا اعلان کیا۔ بورڈ کی جانب سے ابتدا میں اس سے لاعلمی کا بیان جاری کر دیاگیا۔ ایک دن بعد اس کی توثیق ہوئی تو ساتھ ظہیرخان اور دراوڈ کے نام بھی کنسلٹنٹس کے طور پر سامنے آگئے ۔ اس پر شاستری نے یہ کہ کر ناراضی کا اظہار کردیا کہ یہ دونوں ان پر تھوپے گئے ہیں۔ اب بظاہر شاستری کو راضی کرنے کے لئے بورڈ کی انتظامی کمیٹی نے اپنے ساتھ مشاورتی کمیٹی کی ساکھ بھی خاک میں ملاتے ہوئے نئے کوچ کے مشورے سے ان کے معاونین کا انتخاب کرنے کا اعلان کردیا ہے جسے میڈیا نے یوٹرن کا نام دیا ہے۔

شیئر: