Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ ورلڈکپ 2011کے مشکو ک فائنل کی تحقیقات کا عندیہ

  کولمبو: سری لنکا کے وزیر کھیل نے 2011 کے کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں ہند کے ہاتھوں سری لنکن ٹیم کی متنازعہ شکست کی تحقیقات کا عندیہ دے دیا ہے۔ممبئی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2011 کے فائنل میں سری لنکا نے مہیلا جے وردھنے کی سنچری کی بدولت ہندکو 275 رنز کا ہدف دیا تھا اور ہندوستانی ٹیم 31 رنز پر سچن ٹنڈولکر اور وریندر سہواگ کی وکٹوں سے محروم ہو کر مشکلات سے دوچار ہو گئی تھی۔اس موقع پر سری لنکا کی پوزیشن مستحکم نظر آتی تھی لیکن ناقص فیلڈنگ اور بولنگ کے سبب مہمان ٹیم نے ہند کو جیت کا نادر موقع فراہم کیا جس نے مہندرا سنگھ دھونی اور گوتم گمبھیر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ میچ میں شکست کے بعد اس وقت کے وزیر کھیل مہندا نندا التھگاماجی نے ٹیم کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا تھا میچ کے حوالے سے کئی چیزیں پریشان کن تھیں۔انہوں نے کہا تھا کہ سری لنکا نے وزیر کھیل سے اجازت لیے بغیر فائنل سے قبل آخری لمحات پر ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں جو قواعد کی خلاف ورزی تھی۔انہوں نے ٹیم کے سب سے سینئر کھلاڑی کے رویے پر بھی سوالات اٹھائے جبکہ میدان میں جو ہدایات بھیجی گئیں، ان پر عمل نہیں کیا گیا۔اس معاملے کے 6سال بعد گزشتہ دنوں سابق سری لنکن کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے بھی ورلڈ کپ 2011 کا فائنل فکس قرار دیتے ہوئے فائنل مقابلے کی فوری طور پر تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔فائنل کے کمنٹری پینل میں موجود رانا ٹنگا نے کہا کہ میں یہ تو نہیں بتا سکتا کہ اس دن کیا ہوا تھا، وقت آنے پر ایک دن اس راز پر سے ثبوتوں کے ساتھ پردہ اٹھاوں گا لیکن اس سلسلے میں تحقیقات ہونی چاہیے۔ان تمام تر الزامات کے بعد موجودہ وزیر کھیل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا عندیہ دے دیا ہے۔ وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان الزامات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہییے اور جیسے ہی مجھے تحریری شکایت ملے گی میں تحقیقات شروع کردوں گا۔
 

شیئر: