کوہاٹ میں حملہ آوروں کی فائرنگ سے 10 پولیس اہلکار جان سے گئے
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکاروں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 11 زخمی ہیں۔
مقامی پولیس افسر فیصل خان کے مطابق مرنے والوں میں پولیس کے دو اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جن میں سے بیشتر کا الزام کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) پر عائد کیا جاتا ہے۔
ریسکیو 1122 کوہاٹ کے ترجمان جواد آفریدی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بھیجے گئے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ یہ واقعہ گمبٹ تحصیل کے دوردراز علاقے در بولچ میں پیش آیا جہاں پولیس غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کر رہہ تھی۔
جواد آفریدی نے مزید بتایا کہ ’موقعے پر موجود پولیس اہلکاروں کے مطابق 11 نعشیں وہاں پر پڑی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’علاقہ دور ہونے کی وجہ سے نعشوں کی منتقلی میں وقت لگے گا اور اس کے بعد ہی اموات کی صحیح تعداد کا اندازہ ہو سکے گا۔ ‘
اس واقعے کے حوالے سے پشاور میں انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) خیبر پختونخوا کے دفتر سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ’علاقے میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے گٹھ جوڑ سے جاری غیر قانونی گولڈ مائئنگ کے خلاف کوہاٹ پولیس کا گرینڈ آپریشن ہو رہا تھا۔‘
آئی جی پولیس آفس کا کہنا ہے کہ ’اسی دوران پولیس نفری پر تھانہ گمبٹ کی حدود دربوکچ کے علاقے میں عسکریت پسندوں نے حملہ کیا۔‘
ابتدائی اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں اور جرائم پیشہ گھٹ جوڑ نے پولیس نفری پر چُھپ کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں آٹھ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ حملے میں پولیس کی اموات کا بھی خدشہ ہے۔
ڈی پی او کوہاٹ رائے مظہر اقبال کے مطابق پولیس اور سکیورٹی فورسز کے تازہ دم دستے جائے وقوعہ پہنچ گئے ہیں اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جبکہ عسکریت پسندوں کا تعاقب جاری ہے۔
کوہاٹ حملے کی تاحال کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ لیکن ماضی میں خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) اور کاالعدم حافظ گل بہادر گروپ نے اس قسم کی کاروائیاں کی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں گذشتہ کئی ماہ سے امن و امان کی صورت حال مخدوش ہے اور مختلف کارروائیوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
اسی مخدوش صورتِ حال کی وجہ سے وفاقی حکومت کے مطابق صوبے کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور ان اضلاع کے لیے مقامی عمائدین پر مشتمل 48 رُکنی ایک کونسل بھی قائم کی گئی ہے۔
