ممبئی / احمد آباد- - - - - مہاراشٹر اور گجرات میں مسلمانوں پر تشدد کے 2واقعات سامنے آئے ہیں۔ جمعرات کو مہاراشٹر کے ضلع دھولے میں رفیق الدین کو مار مار کر ہلاک کردیاگیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آوروں کی تصاویر قید ہوگئی ہیں جن کی مدد سے پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کی مہم چلائے ہوئے ہے۔ فوٹیج کے مطابق درجن بھر لوگوں کے ایک گروپ نے تلواروں سے کئی بار وار کرکے رفیق الدین کو ہلاک کردیا۔ وڈیو کے مطابق بے خوف غنڈے کھلے عام رفیق پر اس وقت تک تلوار چلاتے رہے جب تک کہ وہ ختم نہیں ہوگیا۔ یہ وڈیو سوشل میڈیا پر وائر ل ہوگئی ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق رفیق الدین اپنی دکان پر بیٹھا تھا کہ تب ہی کچھ بدمعاشوں نے اس پر حملہ کردیا۔ پولیس کے مطابق بدمعاشوں نے اسکے جسم پر 27 وار کئے جس کے بعد حملہ آور اسکوٹر اور موٹر سائیکلوں پر جائے واردات سے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ حملہ کیوں ہوا، اس بارے میں ابھی کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا تاہم فوٹیج کی بنیاد پر ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ دوسری طرف گجرات کے بانسکنٹھ کے گاؤں مان پور میں پولیس نے 4 مسلمانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے گائے کو مار مار کر ہلاک کردیا۔ جن لوگوں کو گرفتار کیاگیاہے ان کے نام ایوب، جمال الدین ، عارف اور اسرائیل بھائی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق رگھوبھائی کی شکایت پر ہی ان چاروں کیخلاف کارروائی کی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق رگھوبھائی کی گائے ملزمان کے کھیت میں جا گھسی تھی جس پر انہوں نے اسے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔ ملزمان پر جانوروں پر تشدد کے قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔